لندن: معصوم بچی سارہ کے قتل کیس میں والد اور سوتیلی ماں کو عمر قید کی سزا سنا دی گئی

منگل 17 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

برطانیہ کی عدالت نے معصوم بچی سارہ شریف کے قتل کیس میں اس کے والد اور سوتیلی والدہ کو عمر قید کی سزا سنا دی۔

عدالت نے معصوم بچی کے والد عرفان شریف کو 40 سال اور سوتیلی والدہ بینش بتول کو 33 سال قید کی سزا سنائی ہے۔ جبکہ مقتولہ کے چچا فیصل ملک کو بھی 16 سال قید کی سزا سنائی گئی۔

یہ بھی پڑھیں 10 سالہ سارہ شریف کے قتل پر برطانوی وزیراعظم کا اہم بیان

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اولڈ بیلی کراؤن کورٹ نے سارہ شریف کے والد اور سوتیلی ماں کو مجرم قرار دینے کے بعد آج سزا سنائی ہے۔

فیصلے کے مطابق بچی کے والد اور والدہ عمر قید کی کم سے کم مدت کاٹنے کے بعد بھی مرتے دم تک لائسنس پر زیرنگرانی رہیں گے اور خلاف ورزی پر دوبارہ جیل بھیج دیا جائےگا۔

عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ ملزمان کی سزا کا کم سے کم وقت ختم ہونے کے بعد بھی ان کی رہائی کی کوئی گارنٹی نہیں، اس کا فیصلہ پیرول کرےگا۔

گزشتہ ہفتے لندن کی عدالت نے سارہ شریف قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مقتولہ کے باپ عرفان شریف اور سوتیلی ماں بینش بتول کو قتل کا مجرم قرار دیا تھا۔

عدالت میں دوران سماعت عرفان شریف نےسارہ کو آئے زخموں کی ذمہ داری قبول کرلی تھی، عرفان شریف نےسارہ کو دھاتی ڈنڈے،کرکٹ بیٹ اور موبائل فون سے مارنے کا اعتراف بھی کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں برطانیہ میں 10 سالہ پاکستانی بچی سارہ شریف کا قتل، الجھن سلجھ نہ سکی

واضح رہے کہ سارہ شریف کی لاش اس کے بیڈ روم سے 10 اگست 2023 کو ملی تھی، جب کہ اس کے والد عرفان شریف، سوتیلی والدہ بینش بتول اور چچا پاکستان فرار ہوگئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp