نان فائلرز کے گرد گھیرا تنگ، اکاؤنٹ کھولنے اور گاڑی خریدنے پر پابندی کی تجویز

بدھ 18 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

حکومت نے نان فائلرز پر پابندیاں مزید سخت کرنے کی تیاری کرلی۔

فیصلے کے تحت نان فائلرز کو بینک اکاؤنٹس کھولنے، 80  سے زیادہ سی سی کی گاڑیاں خریدنے اور جائیداد خریدنے یا منتقل کرنے سے روک دیا جائے گا جبکہ ان کے کاروبار بھی سیل کیے جاسکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نان فائلر پر حکومتی سختیاں، ہر سال کتنے افراد فائلر بن رہے ہیں؟

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ریونیو ترمیمی بل 2024 قومی اسمبلی میں پیش کردیا ہے جس کے مطابق نان فائلرز پر 800 سے زیادہ سی سی والی گاڑیاں خریدنے پابندی ہوگی۔

بل کے مطابق نان فائلرز کو ایک مقررہ حد سے زیادہ جائیداد خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

علاوہ ازیں نان فائلرز ایک مخصوص حد سے زیادہ شیئرز بھی نہیں خرید سکیں گے۔

نان فائلرز بینک اکاؤنٹس نہیں کھول سکیں گے اور ان پر ایک خاص حد سے زیادہ بینکنگ لین دین کرنے پر بھی پابندی ہوگی۔

مزید پڑھیے: سوزوکی کلٹس کی قیمت فائلرز اور نان فائلرز کے لیے کیا ہوگی؟

تاہم نان فائلرز کو اب بھی موٹر سائیکل، رکشہ اور ٹریکٹر خریدنے کی اجازت ہوگی۔

غیر رجسٹرڈ کاروبار

غیر رجسٹرڈ کاروباری مالکان کے بینک اکاؤنٹس منجمد کر دیے جائیں گے۔ اور انہیں جائیداد کی منتقلی کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

حکومت کو غیر رجسٹرڈ افراد کی جائیدادیں اور کاروبار سیل کرنے کا بھی اختیار ہوگا۔

مزید پڑھیں: بیرون ملک سفر کے خواہشمند نان فائلرز کے لیے بری خبر

فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایسے افراد کی فہرست جاری کرے گا جن کے اکاؤنٹس منجمد کیے جائیں گے۔ یہ پابندیاں وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد نافذ العمل ہوں گی۔

واضح رہے کہ فائلر کے والدین، 25 سال تک کی عمر کے بچے اور بیوی فائلرز تصور ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp