راحت فتح علی خان کا ڈھاکہ میں آواز کا جادو، ہزاروں شائقین جھوم اٹھے

اتوار 22 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معروف پاکستانی قوال اور کلاسیکل گلوکار راحت فتح علی خان نے ڈھاکہ میں اپنی آواز اور گائیکی کا جادو جگا کر ہزاروں شائقین کے دل موہ لیے ہیں۔

استاد راحت فتح علی خان نے گزشتہ شب بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکہ کے آرمی اسٹیڈیم میں ’Echoes of Revolution‘ کے عنوان سے منعقدہ کنسرٹ میں شرکت کی اور اپنی مسحور کن آواز میں قوالی کے ساتھ بالی ووڈ کے کلاسیکل نغمے گا کر حاضرین سے خوب داد سمیٹی۔

یہ بھی پڑھیں: راحت فتح علی خان کا ڈھاکہ میں کنسرٹ، بنگلہ دیشی طلبا کے لیے ٹکٹس پر خصوصی رعایت کا اعلان

راحت فتح علی خان رات 10 بجے اسٹیج پر آئے اور سامعین کو دیر تک ’میرے رشک قمر، آفرین آفرین، تیرے مست مست دو نین، سانو اک پل چین نہ آوے، دل دیاں گلاں، تمہیں دل لگی بھول جانی پڑے گی‘ جیسے ہٹ گانوں سے مسحور کرتے رہے، اس دوران ان کی شاندار پرفارمنس پر تالیاں اور ’ایک اور، ایک اور‘ کی آوازیں گونجتی رہیں۔

راحت فتح علی خان کی شاندار گائیکی نے ڈھاکہ کے آرمی گراؤنڈ میں آئے لوگوں کو جھومنے پر مجبور کردیا اور ان کی خوبصورت آواز نے سخت سردی میں بھی اپنے بنگلہ دیشی مداحوں کے دلوں کو گرما دیا۔ بنگلہ دیشی بینڈز بشمول آرٹ سیل، چرکٹ اور سلسہ کے علاوہ ریپرز سیزان اور حنان نے بھی کنسرٹ میں پرفارم کیا۔۔

واضح رہے ’اسپرٹس آف جولائی‘ کے پلیٹ فارم کے زیراہتمام ہونے والے اس کنسرٹ کا مقصد رواں برس جولائی۔اگست میں ہونے والے پرتشدد احتجاج میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں کی مدد کرنا ہے۔ ایونٹ سے حاصل ہونے والی تمام آمدنی متاثرہ خاندانوں کے لیے کام کرنے والی ایک فلاحی تنظیم ’جولائی اسمرتی فاؤنڈیشن‘ کو عطیہ کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: جنٹلمین کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک: راحت فتح پر عاطف اسلم بازی لے گئے

راحت فتح علی خان کی جادوئی پرفارمنس نے ڈھاکہ کے موسیقی کے منظرنامے پر انمٹ نقوش چھوڑے ہیں جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کے ہردلعزیز فنکاروں میں سے ایک ہیں۔ بنگلہ دیشی شائقین یقیناً سروں میں لپٹی اس رات کو راگ اور جذبات کے جشن کے طور پر ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp