ِسابق صدر آصف زرداری پرعمران خان کے قتل کی سازش کا الزام عائد کرنے پر درج مقدمہ میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی۔
اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں شیخ رشید کے خلاف کیس کی سماعت جوڈیشل مجسٹریٹ عباس شاہ نےکی۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے وکلا نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر اخراج مقدمات کی نقول عدالت میں جمع کرادیں جس پر عدالت نے معاملہ ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہونے کے باعث فرد جرم کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے کیس کی سماعت 3 جون تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ رواں سال 27 فروری کو سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے صدر آصف زرداری پر عمران خان کے قتل کی سازش کے الزامات عائد کیے تھے۔
آصف زرداری پر لگائے گئے ان الزامات کے بعد شیخ رشید کے خلاف اسلام آباد، مری، کراچی اور کوئٹہ میں مقدمات درج کیے گئے تھے۔
1فروری کو شیخ رشید کو بحریہ ٹاؤن راولپنڈی سے گرفتار کیا گیا تھا تاہم بعد میں انہیں ضمانت پر رہا کر دیا گیا تھا۔
عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ قوم عدلیہ کو جمہوریت کا ضامن سمجھتی ہے۔ عدلیہ پر جال پھینکنے کی کوشش کی گئی تو قوم سڑکوں پر ہوگی۔
’پاکستان آئین اور قانون کی جنگ لڑ رہا ہے۔ اس جنگ میں عدلیہ جیتے گی کیونکہ قوم عدلیہ کے ساتھ کھڑی ہے۔ آرمی چیف نے کہاکہ پاکستان عوام کا ہے۔‘
آصف علی زرداری کہتاہے کہ عمران خان مقبول لیڈر نہیں۔ ’آصف علی زرداری چاہتے ہیں کہ شہباز شریف نا اہل ہو جائیں۔ ایک سال سے کشکول لیکر پھر رہے ہیں۔ یہ اپنے کیسز ختم کروانے پاکستان آئے ہیں۔ نیب قانون میں ترمیم ابھی ان کے گلے میں لٹکی ہوئی ہے۔‘