حسینہ واجد کو گرفتار کرکے پیش کیا جائے، بنگلہ دیشی عدالت کا ایک بار پھر حکم

پیر 6 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیش کی ایک عدالت نے جلاوطن سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کے دوسری بار وارنٹ گرفتاری جاری کردیے ہیں۔

غیرملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق، 77 سالہ حسینہ واجد کے خلاف اس بار وارنٹ گرفتاری جبری گمشدگیوں میں مبینہ کردار ادا کرنے کے الزام میں جاری کیے گئے ہیں۔ عدالت نے اس کیس میں سابق حکومت کے 11 اہلکاروں کے خلاف بھی وارنٹ جاری کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: انٹرنیشنل کرائمز ٹریبونل نے شیخ حسینہ واجد کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے

بنگلہ دیش کی عدالت نے اس سے قبل انسانیت کے خلاف جرائم کے الزامات پر ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے۔ حسینہ واجد کے 15 سالہ دور اقتدار میں بڑے پیمانے پر انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں ہوئیں، جن میں ان کے سیاسی مخالفین کو بڑے پیمانے پر حراست میں رکھنا اور ماورائے عدالت قتل کرنا بھی شامل ہے۔

رپورٹس کے مطابق، حسینہ واجد کے دور اقتدار میں سیکیورٹی حکام نے مبینہ طور پر 500 افراد کو اغوا کیا جن میں سے بعض کو چند سال تک خفیہ قیدخانوں میں رکھا گیا۔ حسینہ واجد کی برطرفی کے بعد ان متاثرین نے دوران قید اپنے ساتھ پیش آئے دردناک واقعات بیان کیے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: حسینہ واجد کی حوالگی، بھارت نے بنگلہ دیش کا مطالبہ ایک کان سے سنا، دوسرے سے نکال دیا

واضح رہے کہ گزشتہ برس طلبہ کے احتجاجی مظاہروں کے نتیجے میں حسینہ واجد کی حکومت کا خاتمہ ہوگیا تھا اور وہ بھارت فرار ہوگئی تھیں۔ بنگلہ دیش نے گزشتہ ماہ بھارت سے حسینہ واجد کو واپس بنگلہ دیش بھیجنے کا مطالبہ کیا تھا، جس کا بھارت نے تاحال کوئی جواب نہیں دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp