کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈو نے امریکا کے نو منتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ کینیڈا کے امریکا کا حصہ بننے کا کوئی امکان نہیں ہے۔
یہ بات انہوں نے امریکا کےنومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان کے ردعمل میں کہی جس میں ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر کینیڈا امریکا کی ریاست بننے پر راضی ہوتا ہے تو ٹیرف ختم اور ٹیکس کم کردیں گے۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گزشتہ روز سماجی رابطے کے اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے کہا تھا کہ امریکا اور کینیڈا مل جائیں تو کتنا بڑا عظیم ملک بن سکتے ہیں۔
تاہم جسٹن ٹروڈو نے اس بات کے امکان کو اپنی ایکس پوسٹ میں واضح طور پر رد کرتے ہوئے لکھا کہ کینیڈا قیامت تک امریکا کا حصہ نہیں بنے گا۔ یاد رہے کہ جسٹن ٹروڈو نے 6 جنوری کو وزارت عظمیٰ سے استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیے:امریکا کی ریاست بن جائیں، ٹیرف ختم کردیں گے، ٹرمپ کی کینیڈا کو پیشکش
ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پر کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانی جولی نے بھی ردعمل دیا اور کہا کہ ہماری معیشت اور لوگ مضبوط ہیں۔ ہم دھمکیوں کی وجہ سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے گزشتہ دور صدارت میں امریکا کے کینیڈا کے ساتھ تعلقات مثالی نہیں تھے اور وہ کئی بار کینیڈا کو امریکا کا حصہ بنتے دیکھنے کی خواہش کا اظہار اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں کرچکا ہے۔














