جی ایچ کیو حملہ کیس میں ایک اور ملزم پر فرد جرم عائد

بدھ 8 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں کی، جہاں مزید ایک ملزم شہیر سکندر پر فرد جرم عائد کردی گئی ہے۔

مقدمہ میں مجموعی طور پر 118 ملزمان پر فرد جرم عائد کی جاچکی ہے جبکہ عدالت نے غیر حاضر ملزم محمد عاصم کا ٹرائل الگ کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر استغاثے سے شہادت طلب کر لی ہے۔

یہ بھی پڑھیں:جی ایچ کیو حملہ کیس میں نامزد سابق رکن قومی اسمبلی بلال احمد پر فرد جرم عائد

عدالت نے پروسیکیوشن ٹیم کی جانب سے انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے 13 جنوری سے مقدمہ کی روزانہ کی بنیاد پر سماعت کا حکم بھی دیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے بچوں سے ٹیلی فون پر بات، اخبارات کی فراہمی، ٹی وی کی بحالی کی درخواستوں سمیت ان کے ذاتی معالج سے طبی معائنہ کرانے کی درخواست بھی عدالت نے منظور کرلی ہے۔

مزید پڑھیں:جی ایچ کیو حملہ کیس، شیخ رشید نے فرد جرم کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرعمر ایوب کی جانب سے ریکارڈ کی فراہمی جبکہ اجمل صابر اور انصر اقبال کی بریت کی درخواستوں پر وکلا صفائی کی استدعا پر سماعت ملتوی کردی گئی ہے۔

دوسری جانب عدالت نے نامزد ملزم عثمان ڈار کی بیرون ملک جانے کی اجازت کی درخواست بھی منظور کرلی ہے، عثمان ڈار نے 13 جنوری سے 21 فروری تک بیرون ملک جانے کی اجازت طلب کی تھی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے عثمان ڈار کی غیر موجودگی میں حسنین اقبال سنبل کو ان کا پلیڈر مقرر کیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp