وزیر اعظم نے کسٹمز کلیئرنس کے خود کار نظام ’فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم‘ کا افتتاح کردیا

بدھ 8 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم شہباز شریف نے کراچی بندرگاہ پر کسٹمز کلیئرنس کے خود کار نظام ’فیس لیس کسٹمز اسسمنٹ سسٹم‘ کا افتتاح کردیا ہے۔

کراچی میں فیس لیس کسٹمر اسسمنٹ سسٹم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کسٹمز اور ایف بی آر کے افسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کسٹمز اور ایف بی آر  نے 77 سالہ ملکی تاریخ کی سب سے اہم کامیابی حاصل کی ہے جس کی قوم کو بہت عرصے سے انتظار تھا، اس کا ہونا ملک کی معاشی ترقی و خوشحالی کے لیے ناگزیر امر تھا۔

یہ بھی پڑھیں: خوشحالی کا سفرشروع ہوچکا، ٹیکس مقدمات کے لیے فوری کسٹمزاپیلیٹ ٹربیونلزقائم کیےجائیں، شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ’میں سمجھتا ہوں کہ آج ہم نے جو فیس لیس انٹریکشن دیکھا ہے، اس سسٹم پر امپورٹر کا نام اور پتا بھی آتا ہے، کسٹمز اور کراچی بندرگاہ پر جو درجہ بدرجہ انسپیکٹرز ہیں، ابھی ہم نے ایک، دو افسران سے چبتے ہوئے سوالات پوچھے، انہوں نے بہت مناسب جوابات دیا کہ ایک کھیپ 10 منٹ میں ہوجاتی ہے اور اگر ایک سے زیادہ کھیپ ہوں تو 15 سے 20 منٹ لگ جاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جدید خود کار نظام میں انسانی مداخلت کم سے کم ہوگی، یہ نظام نوزائیدہ ہے، اس کو شروع ہوئے اگرچہ 3 ہفتے ہوئے ہیں تاہم اس 3 ہفتے میں وقت 107 گھنٹوں سے کم ہوکر 19 گھنٹے پہ آگیا ہے، کم وقت میں زیادہ کام ہورہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ : کسٹمز کی کارروائی، 1لاکھ 30 ہزار کلو گرام چینی برآمد

ان کا کہنا تھا کہ اس نظام سے ملک کے بوسیدہ نظام کا خاتمہ ہوگا، جب سے حکومت آئی ہے ہم نے اصلاحات پر توجہ دی ہے، جی ڈی پی کے تناسب سے محصولات کی شرح 10 فیصد سے زیادہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہمیں  ٹیکس کم کرنے ہوں گے، اس کے بغیر ملک میں سرمایہ کاری نہیں آسکتی، بہت جلد وہ وقت آئے گا جب ٹیکس کم ہوں گے اس سے چوری کا امکان بھی بہت کم ہوگا اور سرمایہ کار باہر سے اپنا سرمایہ لے کے پاکستان آئے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp