کراچی کے تمام رجسٹرڈ قبرستانوں میں قبر کا ریٹ 14 ہزار 300 مقرر کردیا گیا ہے، اور اس حوالے سے بینرز بھی لگا دیے گئے ہیں۔
میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر کے ایم سی نے یہ اہم اقدام اٹھایا ہے تاکہ شہریوں سے اضافی رقم نہ وصول کی جاسکے۔
یہ بھی پڑھیں جائیداد کا لالچ، قبر سےمردےکو نکال کر کاغذات پر انگوٹھے لگوا لیے گئے، ویڈیو وائرل
ڈائریکٹر قبرستان سرور عالم نے کے ایم سی کے ماتحت چلنے والے قبرستانوں کا دورہ کیا۔ اس دوران انہوں نے وہاں کام کرنے والے افراد کو قانون کے مطابق کام کرنے کا پابند کیا۔
اس موقع پر انہوں نے کہاکہ قبرستانوں میں کسی ایسے شخص کو کام کرنے کی اجازت نہیں ہوگی جس نے کے ایم سی میں رجسٹریشن نہ کرائی ہو۔
ڈائریکٹر قبرستان کے مطابق قبرستان میں کام کرنے والے کسی بھی شخص نے اگر شہریوں سے زیادہ نرخ وصول کیے تو اس کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائےگی۔
یاد رہے کہ شہر کے مختلف قبرستانوں میں مافیا کے کارندوں کی جانب سے شہریوں سے اضافی رقم وصول کی جارہی تھی۔ جس پر میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے ایکشن لیا۔
یہ بھی پڑھیں سی ڈی اے کا شہری کو قبرستان میں پلاٹ فروخت کرنے کا انکشاف
اب مرتضیٰ وہاب کی ہدایت پر قبر کی تیاری کے نئے نرخ مقرر کردیے گئے ہیں اور قبرستانوں میں اس حوالے سے بینرز بھی آویزاں کردیے گئے ہیں، جن پر درج ہے کہ شہری تدفین کے لیے 14 ہزار 300 روپے سے زیادہ ادائیگی نہ کریں۔














