جائیداد کا لالچ، قبر سےمردےکو نکال کر کاغذات پر انگوٹھے لگوا لیے گئے، ویڈیو وائرل

جمعہ 29 مارچ 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

معاشرے میں بے حسی اتنی بڑھ چکی ہے کہ لوگ مردوں کی تذلیل کرنے لگے ہیں، جائیداد کے لالچ میں اس قدر اندھے ہو گئے ہیں کہ قبر سے مردے کو نکال کر کاغذات پر انگوٹھے لگوائے جا رہے ہیں، اسی طرح کا انسانیت سوز واقعہ فیصل آباد میں جڑانوالہ روڈ پر ڈھڈی والا کے قریب واقع ایک قبرستان میں پیش آیا جہاں مبینہ طور پر 35 روز قبل انتقال کرنے والے ایک شخص کے نام پر موجود مکان کو اپنے نام کرانے کی کوشش کی گئی۔

قبرستان میں قبر کشائی اور مردے سے انگوٹھے لگوانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی جس پر لوگوں کی جانب سے شدید رد عمل سامنے آ رہا ہے۔ کسی کا کہنا ہے کہ یہ ویڈیو 3 سال پرانی ہے جبکہ بعض صارفین اس واقعہ پر نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے رہے۔

نعمان بٹ لکھتے ہیں کہ ایسے لوگ معاشرے کے ماتھے پر کلنک کا ٹیکا ہیں، انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ملزمان کو قرار واقعی سزا اور قتل کی دوبارہ تحقیقات کرانے کی اپیل کی۔

ایک صارف نے لکھا کہ لوگ یہ سب کیسے کر لیتے ہیں ان کو مرنا اور حساب دینا یاد نہیں رہتا؟

صحرا نورد لکھتے ہیں کہ ہم لوگ کس قدر گر گئے ہیں کہ جائیداد کے حصول کے لیے قبروں سے مردے کو نکال کر کاغذات پر انگوٹھے کے نشان لگوائے جا رہے ہیں۔

نازش علوی لکھتی ہیں کہ ایسے واقعات دیکھ کر روح کانپ جاتی ہے، کل کو سب نے اسی قبر میں جانا ہے، ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ کبھی کبھی لگتا ہے اچھا ہی ہے ہمارے پاس کوئی پیسہ جائیداد نہیں ہے کیونکہ انسان اپنی پوری زندگی لگا کر پیسے بچاتا ہے، جائیداد بناتا ہے اور مرنے کے بعد پیچھے رہ جانے والے خونی رشتے اور اپنی سگی اولاد ہی یہ سب کچھ کرتی ہے۔

واضح رہے چند دن قبل ٹوبہ ٹیک سنگھ کے نواحی گاؤں میں غیرت کے نام پر قتل کا ایک واقعہ بھی سامنے آیا تھا جس میں مبینہ طور پربھائی نے 22 سالہ بہن کو باپ اور دیگر گھر والوں کی موجودگی میں منہ پر تکیہ رکھ کر قتل کردیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp