پاکستان تحریک انصاف کے تحریری مطالبات میں کیا ہوگا؟

جمعرات 9 جنوری 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان نے مذاکراتی کمیٹی کو 2 مطالبات تحریری طور پر حکومت کو جمع کروانے کی ہدایات دے دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی تحریری مطالبات کا ڈرافٹ تیار کرنے کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی سے مذاکراتی کمیٹی کا اجلاس بلانے کے لیے رابطہ کرےگی۔

یہ بھی پڑھیں اگلی نشست تک عدالتی کمیشن نہیں بنا تو مذکرات روک دیں گے، عمران خان

مذاکراتی کمیٹی کے ایک رکن نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ تحریری مطالبات میں عمران خان کی رہائی کا براہِ راست ذکر نہیں ہوگا، تاہم پاکستان تحریک انصاف کے تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ رکھا جائےگا۔

ذرائع نے بتایا کہ حکومت سے 9 مئی اور 26 نومبر کے واقعے پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ تحریری طور پر کیا جائےگا۔

پی ٹی آئی ذرائع کے مطابق عمران خان نے حکومت سے مشروط مذاکرات کے لیے آمادگی ظاہر کی ہے۔ اگر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا اعلان کردیا گیا تو مذاکرات آگے بڑھیں گے۔

پی ٹی آئی مذاکراتی کمیٹی کے رکن نے بتایا کہ مذاکراتی کمیٹی کی عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کروانے کا مطالبہ بھی تحریری طور پر حکومت کے سامنے رکھا جائےگا۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کی مذاکراتی کمیٹی جیل مینوئل معطل کرکے عمران خان سے ملاقات چاہتی ہے، عرفان صدیقی

دوسری جانب اسپیکر سیکرٹریٹ کے ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بیرون ملک میں موجود ہیں اور وطن واپسی پر دونوں فریقین سے رابطہ کریں گے۔ اسپیکر قومی اسمبلی کی رواں ہفتے وطن واپسی متوقع ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp