وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان 190 ملین پاؤنڈ کی کرپشن سے متعلق فیصلہ آ رہا ہے، جس میں توقع ہے کہ انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے، پی ٹی آئی والوں نے امریکا میں کرائے کی بلڈنگ میں کانگریس کی جعلی سماعت کا ڈراما رچانا شروع کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:190 ملین پاؤنڈ کیس اور 5 بے وقوف
اتوار کو میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی ایک زمین کی تحقیقات کی تھیں، بعد یہ ثابت ہوا تھا کہ اس زمین کے ہیر پھیر میں قومی خزانے کو 6 سو ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔
6 سو ارب روپے کے جرمانے کا ایک اکاؤنٹ کھولا گیا جس میں پیسہ جاتا رہا ، بجائے یہ کہ یہ پیسہ حکومتی خزانے میں آتا وہ ملک ریاض کے اکاؤنٹ میں گیا۔ اس کے عوض سوہا کے قریب ملک ریاض سے 4 سوایکڑ کی زمین لی جہاں القادر نامی یونیورسٹی بنائی گئی۔
یہ بھی پڑھیں:عمران خان کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس کیا ہے؟
اس یونیورسٹی کے بورڈ میں عمران خان اور ان کی اہلیہ ہیں، وہاں کیا تعلیم دی جاتی ہے، کیسی دی جاتی ہے، اس کا معیار کیا ہے یہ دیکھنے کے لیے میڈیا خود وہاں جائے۔ یہ دیکھا کہ 4 سال میں وہاں سے کتنے لوگ فارغ التحصیل ہوئے، ان سارے معاملات پرپیر کو عدالت نے فیصلہ دینا ہے۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ سے متعلق اس وقت کی کابینہ نے بند لفافے میں ڈیل کی منظوری دی، امید ہے کہ مقدمے میں انصاف کے تقاضے پورے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے امریکا میں نئے ڈرامے شروع کیے کردیے ہیں، وہ کرائے پر بلڈنگ لے کرکانگریش کی جعلی سماعت کا ڈراما رچایا جا رہا ہے، حکومت کے امریکا کے ساتھ اچھے تعلقات ہیں، حکومتی سطح پر ایسی کوئی بات نہیں ہے کہ حکومت سے کہا جائے کہ عمران خان کو ریلیف دیا جائے۔
پی ٹی آئی والوں کی جانب سے امریکای کانگریس کی جعلی سماعت شروع ہو چکی ہے، پی ٹی آئی والے پاکستان کو بدنام کر رہے ہیں۔ پاکستانی عوام کو بتانا چاہتے ہیں کہ امریکا پاکستان کے معاملات پر کتنی تشویش رکھتا ہے، لیکن عوام سمجھتے ہیں کہ یہ محض ایک پروپیگنڈا ہے۔