ترکیہ کے وفد نے حکومتی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے ماحول سازگار ہونے کا اعتراف کیا ہے۔
ترکیہ کے انادولو گروپ کے اتیلا یرلیکایا کی سربراہی میں ایک اعلی سطحی ترک سرمایہ کاروں کے وفد نے اسلام آباد میں وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی، وفد میں کوکا کولا اچیجک کے چیف آپریٹنگ آفیسر احمد کرساد ایرٹن اور کوکا کولا اچیجک پاکستان کے جنرل منیجر مسٹر سنے سانلی شامل تھے۔
یہ بھی پڑھیں: وزیر اعظم شہباز شریف کی طیب اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت، ترک سرمایہ کاروں سے ملاقات
وفد نے وزیر خزانہ کو کوکا کولا اچیجک کی پاکستان میں موجودہ سرمایہ کاری کے بارے میں آگاہ کیا اور آئندہ کی سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا، وفد نے پاکستان کی منڈی سے اپنی طویل مدتی وابستگی کی تصدیق کی اور ملک کی معاشی ترقی پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پاکستان کے معاشی اشارے میں حالیہ بہتری کی تعریف کرتے ہوئے وفد نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے ایک سازگار ماحول پیدا کرنے میں حکومت کی کوششوں کا اعتراف کیا۔
وزیر خزانہ نے وفد کا خیرمقدم کیا اور ترک کمپنیوں، خاص طور پر کوکا کولا اچیجک کو پاکستان کی معیشت، صنعتی نمو اور روزگار کی پیداوار میں اہم شراکت کو تسلیم کیا، انہوں نے وفد کو طویل مدتی پالیسی فریم ورک کی فراہمی اور غیر ملکی کاروبار اور سرمایہ کاری میں آسانی کے لیے پالیسی کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لیے حکومت کے عزم کا یقین دلایا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان اور ترکیہ کا قومی مفاد کے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ
ملاقات میں پاکستان میں کاروبار کرنے میں آسانی کو بڑھانے کے لیے مزید تعاون اور پالیسی اقدامات کے لیے بھی ممکنہ شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔
فریقین نے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دوطرفہ معاشی تعاون کو مستحکم کرنے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور مستقل سرمایہ کاری اور تجارتی شراکت داری کے باہمی فوائد کو تسلیم کیا۔