پاکستان اور ترکیہ کا قومی مفاد کے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ

جمعرات 19 دسمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی قاہرہ میں ڈی ایٹ سربراہی کانفرنس کے موقع پر ملاقات ہوئی ہے۔

دونوں رہنماؤں نے دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا۔ جبکہ 5 بلین امریکی ڈالر کے دو طرفہ تجارتی ہدف کے حصول کے لیے اقتصادی تعلقات کے مزید فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔

یہ بھی پڑھیں آزمائش کی گھڑی میں پاکستان ترکیہ کے ساتھ ہے‘ شہبازشریف کا طیب اردوان کو فون

دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، تجارتی اور دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ دونوں رہنماؤں نے قومی مفاد کے بنیادی مسائل پر ایک دوسرے کی حمایت کے عزم کا اعادہ بھی کیا، جس میں جموں و کشمیر کے لیے ترکیہ کی حمایت اور قبرص کے مسئلے پر ترکیہ کے مؤقف کے لیے پاکستان کی حمایت شامل ہے۔

معصوم فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی نسل کشی کے اقدامات، خاص طور پر 7 اکتوبر 2023 سے بگڑتی ہوئی صورتحال کی مذمت کرتے ہوئے دونوں رہنماؤں نے فلسطینی عوام کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے مشرق وسطیٰ اور شام کی تازہ ترین صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نےکہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان تاریخی، برادرانہ اور کثیر الجہتی تعلقات ہیں۔ انہوں نے صدر اردوان کی قیادت میں ترکیہ کی مثالی ترقی کو سراہا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ دونوں ممالک کو ملکی سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں بالخصوص آئی ٹی، زراعت اور گرین ٹیکنالوجی کے نئے شعبوں میں اقتصادی تعاون بڑھانا چاہیے۔

ملاقات میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہاکہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات قدیم ثقافتی اور مذہبی اقدار پر مبنی ہیں، اور ترکیہ کے عوام پاکستان کے لیے اپنے دلوں میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔ صدر اردوان نے علاقائی امن اور استحکام کو فروغ دینے کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر اردوان نے وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت میں نمایاں بہتری کو سراہا۔ انہوں نے فلسطین اور لبنان کے لیے خاطر خواہ انسانی امداد بھیجنے پر پاکستان کی بھی تعریف کی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے صدر اردوان کو اسلام آباد میں اعلیٰ سطح اسٹریٹیجک تعاون کونسل کے ساتویں اجلاس کی شریک صدارت کے لیے جلد از جلد پاکستان کے دورے کی دعوت کی تجدید کی۔

یہ بھی پڑھیں پاکستان اور ترکیہ میں عوامی بائیکاٹ سے کوکا کولا کو کتنا نقصان ہوا؟

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ بھی ملاقات میں موجود تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp