سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے عوام صوبائی حکومت سے مایوس ہوچکے ہیں، عام انتخابات میں لوگ اندھے بہرے ہوگئے تھے۔
عام انتخابات کے بعد منظر نامے سے غائب ہو جانے والے پرویز خٹک قریباً ایک سال بعد سامنے آئے ہیں اور نوشہرہ میں جلسہ عام سے خطاب کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں پرویز خٹک کا پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز سے کوئی تعلق نہیں، چیئرمین میں ہوں، محمود خان
پرویز خٹک نے کہاکہ نوشہرہ کے عوام نے ہمارے ساتھ نہیں اپنے ساتھ زیادتی کی، میں نے اپنی پوری زندگی سیاست میں تباہ کردی ہے۔ تحریک انصاف والے سب سے زیادہ جھوٹ بولتے ہیں، آج سے ان کے خلاف جہاد شروع کررہا ہوں۔ پاکستان کا سب سے جھوٹا شخص عمران خان ہے۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ انتخابات میں لوگ اندھے بہرے ہوگئے تھے، میں نے بحیثیت وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے لیے جو کچھ کیا وہ اپنے دم پر کیا۔
پرویز خٹک نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے عوام ایک سال میں صوبائی حکومت سے نالاں ہوچکے ہیں، میں نے اپنے دور میں صحت کارڈ شروع کیا، اس کے علاوہ تعلیم اور پولیس میں اصلاحات کیں۔
انہوں نے کہاکہ میں بہت جلد ایک کتاب لکھنے جارہا ہوں، جس میں سب کچھ کھل کر بیان کروں گا۔
سابق وزیراعلیٰ نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے بعد لوگوں نے جھوٹ بولنا شروع کردیا کہ میں جے یو آئی میں شامل ہورہا ہوں، حالانکہ ایسی کوئی بات نہیں، میں نے کسی پارٹی میں شمولیت کا اعلان نہیں کیا۔
انہوں نے کہاکہ آج کا جلسہ میں نے خاندان کے اختلافات کو ختم کرنے کے لیے کیا ہے، بلکہ یہ ایک جلسہ نہیں عوامی جرگہ ہے۔
جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پرویز خٹک کے بھائی لیاقت خٹک نے کہاکہ ہم بھائیوں کے درمیان جو غلط فہمیاں تھیں وہ ختم ہوگئی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں پرویز خٹک پھر سرگرم، 22 فروری کو مستقبل کا اعلان متوقع، کیا ناراضی ختم ہوگئی؟
واضح رہے کہ پرویز خٹک نے عام انتخابات 2024 سے قبل پی ٹی آئی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے نام سے سیاسی جماعت بنائی تھی، تاہم وہ اپنی نشست بھی ہار گئے تھے۔