امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ’کرپٹو ریزرو‘ بنانے کا اعلان کیا ہے جس کے بعد کرپٹو کرنسی کی قدر میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا۔
اتوار کے روز امریکی صدر نے سماجی ذرائع ابلاغ کے اپنے پلیٹ فارم ’ٹروتھ سوشل‘ پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے صدارتی ورکنگ گروپ کو ایک ایگزیکٹیو حکم نامے کے ذریعے ’کرپٹو اسٹریٹجک ریزرو‘ پر کام شروع کرنے کی ہدایت کی ہے۔
یہ بھی پڑھیے: امریکی صدر کے فیصلوں نے کرپٹو مارکیٹ کو بٹھا دیا، ایک دن میں 500 ارب ڈالر کا نقصان
انہوں اس ذخیرے کا حصہ بننے والی جن 3 کرپٹو کرنسیز کے ناموں کا اعلان کیا ان میں ایکس آر پی، سولانا اور کارڈانو شامل ہیں۔
تاہم، پیر کے دن انہوں نے ایک اور پوسٹ میں مزید 2 کرپٹو کرنسیز کے ناموں کا اعلان کیا جن میں بٹ کوائن اور اتھیریئم شامل تھیں۔
ٹرمپ کے حکومتی سرپرستی میں کرپٹو ریزرو بنانے کے اعلان کے فوراً مذکورہ کرنسیز کی قدر میں بڑا اضافہ دیکھنے کو ملا۔ اس اعلان کے بعد ایکس آر پی، سولانا اور کارڈانو کی قدر میں 62 فیصد جبکہ بٹ کوائن اور اتھیریئم کی قدر میں 10 فیصد اضافہ ہوا جو 24گھنٹے تک جاری رہا۔