ترجمان خیبرپختونخوا حکومت کا کہنا ہے کہ دہشتگردی پر قابو پانے کے لیے افغانستان سے بات چیت ناگزیر ہیں، وزارت خارجہ اور داخلہ خواب غفلت سے بیدار ہو کر اندرونی و بیرونی سطح پر دہشتگردی روکنے کے لیے عملی اقدامات کریں۔
یہ بھی پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت 2 مذاکراتی وفد افغانستان بھیجے گی، ٹی او آرز تیار
اپنے ایک بیان میں ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا دہشتگردی کے خلاف فرنٹ لائن صوبے کا کردار ادا کر رہا ہے، دہشتگردی صرف خیبر پختونخوا کا مسئلہ نہیں، بلکہ پورے ملک کا چیلنج ہے، جس کے حل کے لیے قومی یکجہتی ضروری ہے۔
بیرسٹر سیف نے شکوہ کیا کہ افغانستان سے بات چیت کے لیے طے شدہ نکات یعنی ٹی او آرز وفاق نے سرد خانے میں ڈال دیے ہیں، وفاق نہ خود افغانستان سے بات کر رہا ہے اور نہ صوبائی حکومت کو بات کرنے دے رہا ہے۔
مزید پڑھیں: خیبر پختونخوا حکومت کا وفاق سے افغانستان سے بات چیت کے لیے درکار ٹی او آرز کی جلد منظوری کا مطالبہ
انہوں نے وفاق پر زور دیا کہ وہ خیبر پختونخوا کے ساتھ مل کر اس آگ کو پورے ملک تک پھیلنے سے روکے، خیبر پختونخوا حکومت دہشتگردی کے بڑھتے ہوئے واقعات پر شدید تشویش کا اظہار کر رہی ہے۔
بیرسٹرسیف کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا کےعوام اور سیکیورٹی فورسز اپنی جانوں کے نذرانے پیش کر رہے ہیں، وفاق دور بیٹھ کر تماشا دیکھنے کے بجائے دہشتگردی کے خلاف ٹھوس حکمت عملی بنائے۔