سندھ حکومت نے سکھر جیل کے سپرنٹنڈنٹ اشفاق احمد کلہوڑ اور ڈی آئی جی سکھر ریجن منور علی شاہ کو معطل کر دیا۔ اشفاق احمد کلہوڑ کی معطلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔ جس میں کہا گیا ہے کہ انہیں مِس کنڈکٹ کی بنیاد پر فوری طور پر معطل کیا جاتا ہے۔ وہ ہوم ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کریں۔ اس دوران انہیں تنخواہ اور الاؤنس وغیرہ ملتا رہے گا۔
ذرائع کے مطابق سپرنٹنڈنٹ اشفاق احمد کلہوڑ کو پی ٹی آئی رہنما علی امین گنڈا پور کو سکھر جیل میں مبینہ طور پر سہولیات دینے پر معطل کیا گیا ہے۔ علی امین گنڈا پور 6 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر سینٹرل جیل سکھر میں قید تھے۔ انہیں کل سینٹرل جیل سکھر سے مٹھی پولیس کے حوالے کیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سپرنٹنڈنٹ جیل گھوٹکی شہاب صدیقی کو سینٹرل جیل سکھر کا اضافی چارج سونپ دیا گیا ہے۔