پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کی پیرس پرواز کے دوران سگریٹ پینے سے منع کرنے پر مسافر نے ایئر ہوسٹس پر حملہ کردیا، جس پر فرانسیسی پولیس نے اسے گرفتار کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں پاکستانی ایئر لائنز پر برطانوی پابندی بارے چہ میگوئیوں سے گریز کیا جائے، پی آئی اے
میڈیا رپورٹس کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد سے پیرس جانے والی پرواز پی کے 749 پر مسافر نے قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تمباکو نوشی کی کوشش کی، جس پر فضائی عملے نے اسے منع کیا۔
فضائی عملے کی جانب سے منع کرنے کے باوجود مسافر نے تمباکو نوشی بند کرنے کے بجائے بدتمیزی شروع کردی۔
مسافر نے خاتون فضائی میزبان کا بازو پکڑ کر مروڑا اور کمر پر مکا بھی مارا، اس کے علاوہ فلائیٹ اسٹیورٹ اور کپتان پر بھی حملہ کیا مگر انہوں نے محفوظ رہ کر مسافر سے سگریٹ چھین لی۔
اس کے بعد کپتان نے پرواز کے دوران ہی فرانسیسی حکام کو واقعے سے آگاہ کیا، جس کے بعد پرواز کے پیرس میں لینڈ ہوتے ہی مسافر کو گرفتار کرلیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فضائی میزبانوں کے بیانات ریکارڈ کرکے اور ان کا میڈیکل کروا کر پولیس رپورٹ درج کر لی گئی۔
دوسری جانب پی آئی اے کے ترجمان نے کہاکہ اس معاملے میں فرانسیسی قوانین بہت سخت ہیں، امید ہے کہ مسافر سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں پی آئی اے کا لاہور سے اسکردو اور گلگت کے لیے دوطرفہ پروازیں شروع کرنے کا اعلان
انہوں نے کہاکہ اس مسافر کو پی آئی اے پر بلیک لسٹ کردیا گیا ہے، اب وہ دوبارہ قومی ایئرلائن پر سفر نہیں کر سکے گا۔













