پی ایس ایل کے 8 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان ہوگیا، افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی

جمعہ 20 جنوری 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے 8 ویں ایڈیشن کے شیڈول کا اعلان کردیا۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نجم سیٹھی کا کہنا تھاکہ مجھے پی ایس ایل 8 سے متعلق پریس کانفرنس کر کے خوشی ہو رہی ہے، گزشتہ سال پی ایس ایل کے لیے اچھا رہا، پاکستان سپر لیگ آئی پی ایل سے بڑا ٹی ٹوئنٹی برانڈ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ایس ایل 8 کی افتتاحی تقریب ملتان میں ہوگی، لیگ کے میچز دو مرحلوں میں ہوں گے، میچز ملتان، کراچی، راولپنڈی اور لاہور میں ہوں گے۔

ان کا کہنا تھاکہ پی ایس ایل کے موقع پر ویمن کے تین نمائشی میچز ہوں گے جن میں غیر ملکی کھلاڑی بھی شامل شریک ہوں گی۔

نجم سیٹھی نے بتایا کہ منیجمنٹ کمیٹی کی پہلی میٹنگ میں کہاکہ کوئٹہ میں نمائشی میچ کرانا چاہتے ہیں، کوئٹہ میں میچز کے لیے وہاں کی انتظامیہ سے بھی بات ہوئی ہے۔

ان کا کہنا تھاکہ کھلاڑیوں کو پی ایس ایل میں پیمنٹ کی کمی کا سامنا نہیں ہے، آہستہ آہستہ پیمنٹ بڑھ رہی ہے۔

لیگ میں ٹیموں کے اضافے سے متعلق منیجمنٹ کمیٹی کے سربراہ کا کہنا تھاکہ فرنچائزز سے ساتویں اور آٹھویں ٹیم کو شامل کرنےکی بات کررہےہیں، ٹیمیں بڑھانا ایک چیلنج ہےلیکن امید ہے اس پر قابو پالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چارسال کے اندر اسٹیڈیم کے انفرا اسٹرکچر پرکام نہیں ہوا، میں کام نہ ہونے پر حیران بھی ہوں اور پریشان بھی۔

پاکستان سپر لیگ کا شیڈول
پی ایس ایل شیڈول کے مطابق پہلا میچ دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز اور ملتان سلطانز کے درمیان 13 فروری کو ملتان میں کھیلا جائے گا۔

34 میچز میں سے 11 میچز راولپنڈی میں ہوں گے، کراچی اور لاہور میں 9، 9 میچز جبکہ ملتان میں 5 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان سپر لیگ کا فائنل 19 مارچ کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp