برطانیہ کی نئی ملکہ کمیلا کون ہیں؟

پیر 1 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اپنے شوہر کی تخت نشینی کے ساتھ ہی کیملا کو بھی برطانیہ کی نئی ملکہ بننے کا اعزاز حاصل ہو رہا ہے اور بادشاہ چارلس سوئم کے ساتھ برطانیہ میں اب ان کا بھی ایک نیا و نمایاں کردار ہوگا۔ وہ 6 مئی کو تاج پوشی کے بعد وہ 29 ویں ملکہ کنسورٹ بن جائیں گی۔

گارجین کی ایک رپورٹ کے مطابق چارلس سے سنہ 2005 میں شادی کے بعد سے کیملا نے ایک سینیئر شاہی فرد کے طور پر سخت محنت کی، اپنے شوہر کو سپورٹ کیا اور خواتین اور بچوں کی مدد کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا تاہم برطانیہ میں کچھ لوگوں کو جوڑے کے طویل عرصے سے جاری ماورائے ازدواجی تعلقات اور اس سے چارلس کی پہلی بیوی اور شہزادی آف ویلز لیڈی ڈیانا کو پہنچنے والی تکلیف کو بھولنا یا معاف کرنا مشکل لگتا ہے۔

نیٹ فلکس ڈرامہ ’دی کراؤن‘ نے حالیہ سیزن میں اس ہنگامہ خیز دور کو فوکس کیا ہے جس نے ناظرین کو کیملا سے متعارف کرایا اور کچھ کو اس کے ماضی کی یاد دلائی۔

برطانیہ کی نئی ملکہ کی بادشاہ چارلس سے پہلی ملاقات کب ہوئی؟

کیملا شینڈ جولائی 1947 میں پیدا ہوئیں۔ ان کی پرورش انگریزی دیہی علاقوں میں ہوئی۔ انہیں گھوڑوں سے جنون کی حد تک لگاؤ تھا۔ ان کی ملاقات سنہ 1970 میں ونڈسر میں پولو میچ کے دوران شہزادہ چارلس سے ہوئی اور وہ دوست بن گئے۔ اگلے سال چارلس نے رائل نیوی میں شمولیت اختیار کی اور یہ وہ دور تھا جب کیملا نے کیولری آفیسر اینڈریو پارکر باؤلز سے شادی کی۔ سنہ 1970 کی دہائی میں اس جوڑے کے دو بچے تھے۔

چارلس کی بے وفائی

چارلس نے سنہ 1981 میں لیڈی ڈیانا اسپینسر سے شادی کی۔ اس خوبصورت اور یادگار تقریب کو بذریعہ ٹی وی دنیا بھر کے لاکھوں افراد نے دیکھا تھا۔ لیکن پھر چارلس نے سنہ 1994 میں اعتراف کیا کہ ان کا کیملا کے ساتھ غیر ازدواجی تعلق رہا ہے۔

اس کے اگلے سال ڈیانا نے بی بی سی کو دیے گئے ایک انٹرویو کے دوران چارلس کی بے وفائی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس رشتہ ازدواج میں ہم تین تھے اور وہ خاصا پرہجوم تھا‘۔

کیملا اور پارکر باؤلز کے بیچ سنہ 1995 میں طلاق ہوگئی تھی۔ اگلے سال چارلس اور ڈیانا نے طلاق لے لی اور کیملا کچھ عرصہ منظر عام سے غائب رہیں کیوں کہ عوامی اور میڈیا کی حمایت شہزادی ڈیانا کے ساتھ تھی۔

ڈیانا کے لیے عوامی ہمدردیاں

سنہ 1997 میں پیرس میں تیز رفتار کار حادثے میں ڈیانا کی ہلاکت کے بعد ان کے لیے ہمدردی اور کیملا کے خلاف عوامی جذبات میں اضافہ ہوا۔

 

سنہ 1999 میں چارلس اور کمیلا کا ایک ساتھ نام پھر آنا شروع ہوگیا تھا اور اس کے 6 سال بعد ان کی دہائیوں پر محیط محبت کی کہانی اس وقت عروج پر پہنچی جب ان کی شادی ملکہ الزبتھ دوئم کی رضامندی سے ونڈسر میں ہوئی۔

پھر رائل ہائی نیس ڈچس آف کارن وال کے منصب سے مشہور ہونے والی کمیلا جلد ہی شاہی خاندان اور برطانوی حکومت کا اثاثہ بن گئیں۔

تاجپوشی سے پہلے کیملا کے بیٹے ٹام پارکر باؤلز نے ایک بیان میں اپنی ماں اور سوتیلے باپ چارلس کے درمیان تعلقات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس کی پرواہ نہیں ہے کہ کوئی کیا کہتا ہے کیوں کہ ان کی والدہ نے اس شخص سے شادی کی جس سے وہ پیار کرتی تھیں۔

کمیلا نے بالآخر دلوں میں جگہ بنالی

وقت گزرنے کے ساتھ کیملا کے خلاف رویوں میں نرمی آئی اور سنہ 2015 میں سی این این کے ایک سروے سے معلوم ہوا کہ چار میں سے ایک برطانوی انہیں پسند کرنے لگا ہے جب کہ کم لوگوں نے ان کے ملکہ کہلانے کی مخالفت کی۔

ملکہ الزبیتھ دوم نے اپنی تخت نشینی کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں کہا تھا کہ جب وقت آئے گا اور ان کے بیٹے چارلس بادشاہ بن جائیں گے تو وہ امید کرتی ہیں کہ لوگ کیملا کو وہی سپورٹ دیں گے جو انہیں دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp