میں کہتا ہوں عمران خان بھی اتنا اچھا ہے جتنی ہماری قیادت، کیونکہ معاملہ پاکستان کا ہے، عطا تارڑ

منگل 6 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے قومی اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس وقت سیاسی اختلافات کو پسِ پشت ڈال کر صرف پاکستان کی سالمیت پر توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں کسی سے نہیں لڑنا چاہتا، جو بھی پوچھے گا، اسے کہوں گا کہ عمران خان بھی اتنا ہی اچھا ہے جتنا ہمارا لیڈر، کیونکہ آج معاملہ صرف پاکستان کا ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 9 لاکھ فوج کے باوجود پہلگام حملہ نہ روک سکا اور بغیر کسی ثبوت کے پاکستان پر الزام عائد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دشمن مکار بھی ہے، بدنیت بھی اور بے وقوف بھی، لیکن پاکستان متحد ہے اور ہر سطح پر بھارتی پراپیگنڈے کا جواب دے رہا ہے۔

مزید پڑھیں: بھارت فیصلہ کرے، مذاکرات چاہتا ہے یا تباہی، بلاول بھٹو کا قومی اسمبلی میں خطاب

وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں پاکستان نے سفارتی محاذ پر زبردست اقدامات کیے ہیں، عالمی میڈیا بھی تسلیم کر رہا ہے کہ بھارت کے پاس پاکستان کے خلاف کوئی ثبوت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے بھارتی چینلز پر پاکستانی مؤقف چلایا، ترانے نشر کیے، اور دنیا کو سچ دکھایا۔

انہوں نے واضح کیا کہ جب ملک کی سالمیت کی بات ہو تو نہ سیاست ہونی چاہیے، نہ پوائنٹ اسکورنگ۔ آج اگر کوئی مجھے گالی دے گا تو میں کچھ نہیں کہوں گا، کیونکہ آج بات پاکستان کی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp