بھارتی جارحیت کے پیش نظر آزادکشمیرمیں مرکزی ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کا قیام

بدھ 7 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

آزاد کشمیر حکومت نے لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے پیش نظر مرکزی ایمرجنسی ریسپانس سینٹر قائم کیا ہے، جو ہنگامی صورتحال کے پیش نظر 24 گھنٹے کام کرے گا۔

وزیراعظم آزاد کشمیر کی زیرصدارت اعلیٰ سطحی اجلاس میں ایمرجنسی ہیلتھ ریسپانس سینٹر اور انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ میں ایمرجنسی انفارمیشن ریسپانس سینٹر قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایمرجنسی ریسپانس سینٹر میں تینوں ڈویژن کے کمشنرز، ڈی آئی جی، ڈی سی، اور ایس ایس پی صاحبان شامل ہوں گے، مرکزی ریسپانس سینٹر تازہ ترین صورتحال کے بارے میں وزیراعظم کو رپورٹ پیش کرے گا۔

یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: آزاد کشمیر میں ممکنہ جنگی حالات سے نمٹنے کی تیاریاں جاری

حالیہ بھارتی حملوں کے تناظر میں پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس میں سینیئر وزیر کرنل ریٹائرڈ وقار احمد نور، وزیر اطلاعات پیر مظہر سعید شاہ، وزیر صحت نثار انصر ابدالی، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس سمیت دیگر متعلقہ حکام نے بھی شرکت کی۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایمرجنسی ہیلتھ ریسپانس سینٹر اور پی آئی ڈی ایمرجنسی ریسپانس سینٹر مرکزی ریسپانس سنٹر سے مکمل رابطہ میں رہیں گے، اور یہ سینٹرز بھی 24 گھنٹے کام کرتے ہوئے ہنگامی صورتحال کے بارے میں مفصل طور پر آگاہ رکھیں گے۔

وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوار الحق نے بھارتی جارحیت کے باعث ایل او سی پر شہید اور زخمی ہونے والے شہریوں کے ورثا کی بھرپور مدد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زخمیوں کی فوری طبی امداد کو بھی ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے۔

مزید پڑھیں: بھارتی جھوٹ کا جواب: قومی و انٹرنیشنل میڈیا کو آزاد کشمیر کے متعدد علاقوں کا دورہ کروادیا گیا

انہوں نے لائن آف کنٹرول پر تمام سہولیات کی فراہمی کو ہر ممکن طور پر یقینی بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ خوراک اور ادویات سمیت تمام جملہ  سہولیات کو بھی یقینی بنایا جائے، بھارتی جارحیت کی بدولت ہونے والے مال مویشیوں اور مکانات کے نقصانات کا ڈیٹا اکٹھا کیا جائے اور شہریوں کی ہر ممکن امداد کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے صورتحال کے جائزے کے لیے کابینہ کی ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی کا فوری  اجلاس بلانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے فوری منصوبہ بندی کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں اور لائن آف کنٹرول کے حلقوں میں بی ایچ یوز اور دیگر صحت کی مراکز  کو تیار رکھا جائے۔

آزاد کشمیر میں تعلیمی ادارے تا حکم ثانی بند

دوسری موجودہ جنگی صورتحال کے پیش نظر آج سے آزادکشمیر بھر میں تعلیمی ادارے بند رہیں گے، حکومت آزادکشمیر نے ملکی صورتحال کے پیش نظر تمام پرائیویٹ وسرکاری تعلیمی اداروں کو بند رکھنے کی منظوری دی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان پر بے بنیاد الزامات لگا کر بھارت اپنے جرائم چھپانا چاہتا ہے، صدر آزاد کشمیر سلطان چوہدری

حکومتی اعلامیہ کے مطابق آزاد کشمیر کے تعلیمی اداروں کو دوبارہ کھولنے کا فیصلہ ملکی صورتحال کو دیکھتے ہوئےکیاجائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp