وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف اور قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم بن جابر الثانی کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا، جس میں بھارت کی جانب سے پاکستان میں کی گئی حالیہ جارحیت، خطے کی کشیدہ صورتحال اور امن کی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مشکل وقت میں پاکستان سے یکجہتی پر قطر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے بھارتی حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر بلا اشتعال میزائل حملے کیے، جن کے نتیجے میں 26 بے گناہ شہری بشمول خواتین اور بچے شہید ہوئے، جبکہ متعدد مساجد کو بھی نقصان پہنچا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کی مسلح افواج کو دشمن کی جارحیت کا مؤثر اور مکمل جواب دینے کے اختیارات دیدیے گئے، قومی سلامتی کمیٹی
وزیراعظم نے واضح کیا کہ بھارت کی یہ کارروائی پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت پر براہ راست حملہ ہے، جس کا مقصد جنوبی ایشیا کے امن کو تہہ و بالا کرنا ہے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ پہلگام واقعہ کے بعد پاکستان نے بھارتی الزامات کی غیر جانبدار اور شفاف بین الاقوامی تحقیقات کی پیشکش کی تھی، اور امید تھی کہ قطر جیسے ممالک اس میں کردار ادا کریں گے، مگر افسوس کہ بھارت نے سفارتی راستہ ترک کرکے جارحیت کا انتخاب کیا، جو اس کی غیر ذمہ دارانہ ریاستی سوچ کا عکاس ہے۔
قطر کے وزیراعظم نے پاکستانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے مؤقف کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ قطر موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کے لیے اپنا تعمیری کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔