معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا حساب لیا جائےگا، ڈی جی آئی ایس پی آر

بدھ 7 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاک فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ  اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت حکومت پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے مسلح افواج کو مکمل اختیار دیا ہے کہ وہ مناسب وقت، جگہ اور طریقے سے جواب دے۔ معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے نیوز کانفرنس میں کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملے میں معصوم بچے شہید ہوئے، جنہوں نے اپنی زندگی کی بہاریں دیکھنی تھیں، جن کو بھارت نے 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کو نشانہ بنایا، ہم بھارت ہی سے اس بزدلانہ اقدام کی توقع کرسکتے ہیں۔

پاک فوج کے ترجمان نے کہا کہ ہم سب پہ روز روشن کی طرح عیاں ہے کہ کس طرح بھارت پراکسی کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کررہا ہے، اس کے شواہد دنیا کے سامنے ہیں، جب پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ تیز کی تو بھارت خود اپنی فوج کے ساتھ دہشتگردی پر اترآیا، بھارت نے پاکستان کے معصوم بچوں کو نشانہ بنایا یہ دہشتگردی نہیں تو اور کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیے بھارت کو فاش غلطی کا خمیازہ ضرور بھگتنا ہوگا، وزیراعظم محمد شہباز شریف کا قوم سے خطاب

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی میں بھارتی فوج نے کل کس طرح پاکستان میں مختلف مقامات پر مساجد کو نشانہ بنایا، مساجد میں قرآن پاک شہید کیے گئے۔ سوال یہ ہے کون سا مذہب اور کون سی انسانیت ہے جو اس بات کی اجازت دیتی ہے کہ آپ کسی اور کی عبادت گاہوں اور مقدس کتابوں کو شہید کریں اور اس کی بے حرمتی کریں۔‘

’6 اور 7 مئی کے حملے بھارت کے مکروہ چہرے کو بے نقاب کرتے ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ ہمارا دشمن اتنا کمزور اور خوفزدہ ہے کہ وہ بزدلوں کی طرح رات کی تاریکی میں شہریوں اور آبادی کے مراکز کو نشانہ بناتا ہے، بجائے اس کے کہ اس کے سامنے برابر کی فوج سے لڑیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی حملے کے جواب میں بھارت کی صرف فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا نہ کہ عام شہریوں کو اور معصوم لوگوں کو۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے نہ صرف فضا بلکہ لائن آف کنٹرول اور ورکنگ باؤنڈری پر بھی بلااشتعال فائرنگ اور سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی جاری ہے، جس کے جواب میں پاک فوج دشمن کو مسلسل جواب دے رہی ہے۔

 ڈی جی آئی ایس پی آر نے نیوز کانفرنس کے دوران پاک فوج کی جانب سے لائن آف کنٹرول کے پار مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی تباہ کی گئی چوکیوں کی تصاویر اور بھارت کے گرائے گئے ڈرونز کی تصاویر بھی دکھائیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ پاکستان نے بھارت کے 7 چھوٹے بڑے ڈرونز کو تباہ کیا ہے اور 2 ڈرونز کو لینڈ کروا کے اپنے قبضے میں لیا ہے۔ ابھی تک ان جھڑپوں میں پاک فوج کا کوئی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی پاکستان ایئر فورس کے کسی طیارے یا اثاثے کو کوئی نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان پر اس وقت حملہ کیا جب پاکستان عالمی میڈیا کے نمائندوں کو ان جگہوں پر لے جارہا تھا جہاں کے بارے میں بھارت نے الزام لگایا تھا کہ پاکستان ان جگہوں پر دہشتگردوں کو تربیت دے رہا ہے۔ اس سے پہلے کہ بھارت کا راز فاش ہوتا بھارت نے پاکستان کے خلاف بربریت کردی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستانی ایئرفورس کے طیاروں نے 3 رافیل، ایک ایس یو 30 اور ایک مگ 29 تباہ کردیے اور ان طیاروں کو نشانہ بنایا گیا کہ جو ہتھیار ( میزائل ) گرا کر بھاگ رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ایئرفورس پر فخر ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ آج پاکستانی حکومت نے مقامی اور عالمی میڈیا کو ان جگہوں کا دورہ کرایا ہے اور ان کی وساطت سے دنیا ان جگہوں کو دیکھ رہی ہے اور خود فیصلہ کررہی ہے کہ آیا یہ جگہیں دہشتگردی کا مرکز تھیں اور کیا یہاں دہشتگردی کی ٹریننگ کے کوئی آثار تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب جب بھارت نے حملہ کیا تو اس وقت 57 مسافر پروازیں پاکستان کی فضائی حدود میں تھیں۔ بھارت نے ان پروازوں میں سوار سیکڑوں ہزاروں مسافروں کی زندگیوں کو بھی خطرے میں ڈال دیا۔ یہ پروازیں مختلف ممالک کی ایئرلائنز کی تھیں۔ علاوہ ازیں بھارت نے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پروجیکٹ کو بھی گولہ باری سے نقصان پہنچایا، یہ اقدام جنیوا کنونشن کے آرٹیکل 54 اور 56 کی صریحاً خلاف ورزی تھی۔

پاک فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ آج قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں طے پایا ہے کہ اقوام متحدہ کے آرٹیکل 51 کے تحت حکومت پاکستان نے دفاع کا حق استعمال کرتے ہوئے مسلح افواج کو مکمل اختیار دیا ہے کہ وہ مناسب وقت، جگہ اور طریقے سے جواب دے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ  قوم کو، افواج پاکستان پر اور افواج پاکستان کو اپنی بہادر قوم پر فخر ہے اور دونوں بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہیں۔

یہ بھی پڑھیے شاہینوں نے بھارت کے خلاف ایک بار پھر اپنا لوہا منوالیا، آرمی چیف کی ایئر ہیڈکوارٹرز کے دورے پر گفتگو

لیفٹننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ کہ ہماری امن کی شدید خواہش کو کبھی بھی کمزوری نہ سمجھا جائے، کیونکہ اپنے عوام کے تحفظ پر، اپنی زمین کے تحفظ پر افواج پاکستان کبھی کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

انہوںنے پوری پاکستانی قوم کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح اس بھارتی جارحیت پر وہ یکجا ہو کر نکلی اور یک زبان ہو کر بولی اور کس طرح افواج پاکستان کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر اس کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ سب اپنے اردگرد، اپنے گلی محلوں میں، اپنے شہروں میں، اپنے گاؤں اس یگانگت کو، اس عزم اور اس غصے کو یقیناً محسوس کررہے ہوں گے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کے غیور عوام کو پاکستان کی افواج یہ باور کروانا چاہتی ہے کہ معصوم شہریوں کے ناحق خون کے آخری قطرے تک کا مکمل حساب لیا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp