وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے ہیں۔
قوم سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ رات بھارت نے جو فاش غلطی کی اس کا خمیازہ اسے ضرور بھگتنا ہوگا، شاید وہ سمجھ بیٹھے تھے کہ پاکستان پیچھے ہٹ جائے گا لیکن شاید وہ یہ بات بھول گئے کہ پاکستان بہادروں کی قوم ہے، جو اپنے عزم میں فولادی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شاہینوں نے بھارت کے خلاف ایک بار پھر اپنا لوہا منوالیا، آرمی چیف کی ایئر ہیڈکوارٹرز کے دورے پر گفتگو
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کے سپوتوں نے خود کو میدان جنگ سے نکھارا ہے، پاکستانی قوم اپنے وطن کی عزت اور حفاظت کے لیے خون کے آخری قطرے تک لڑنے کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ رات پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ عددی اعتبار سے کئی گنا بڑے دشمن کو گھٹنے ٹیکنے میں صرف چند گھنٹے لگے، ہمارے شاہینوں نے فضاؤں میں ایسا طوفان برپا کیا کہ دشمن چیخ اٹھا، بھارت کے 5 جنگی طیارے جو ان کا غرور تھے، اب صرف راکھ، ملبہ اور نشان عبرت بن چکے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کا بھارت کو دندان شکن جواب تھا جس میں اسکوارڈن لیڈر ایم ایم عالم کی گرج تھی، جو کل رات دوبارہ پورے زور سے گونجی اور ہمارے شاہینوں نے دشمن پر ایسی کاری ضربیں لگائیں، جو وقت کا مرہم بھی کبھی نہیں بھر سکے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ بھارت کے بزدلانہ حملوں نے 26 معصوم شہری شہید اور 46 زخمی ہوئے، ان میں بچے اور خواتین شامل ہیں، ابھی ایک بچے کی نماز جنازہ پڑھ کر آئے ہیں، اس کی عمر صرف 7 سال تھی، اپنی والدہ اور بھائی کے ساتھ گھر پر تھا کہ اسپرنٹر لگا اور وہ اللہ تعالیٰ کو پیارہ ہو گیا، دل پر ہاتھ رکھ کر بتائیں کہ ننھا منا پھول، کھلنے سے پہلے مرجھا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ہم نے بھارت کے ایک ارب ڈالر مالیت کے جنگی جہاز مار گرائے، اسحاق ڈار
انہوں نے کہا کہ شہادت کے بلند رتبے پر ایسے ہی فائز ہونے والے ہمارے دوسرے عظیم پاکستانیوں کو قوم ان کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، اور پورا پاکستان ان شہدا کے خاندانوں کے ساتھ ہے اور زخمیوں کی صحتیابی کے لیے دعا گو ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ہم یہ عہد کرتے ہیں کہ ان شہیدوں کے خون کے ایک ایک قطرے کا ضرور حساب لیا جائے گا، یہ وہ بزدل دشمن ہے، جو نہتے انسانوں پر وار کرکے خود کو طاقتور سمجھتا ہے، لیکن کل رات ہم نے ثابت کر دیا کہ پاکستان اپنے دفاع میں منہ توڑ جواب دینا جانتا ہے۔