ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل شریف چوہدری نے کہا ہے کہ بھارت سے پاکستانی حدود میں آنے والی ہر چیز کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے، پاکستان کی جانب سے بھارتی پنجاب میں فوجی تنصیبات پر حملے کی خبر جھوٹ ہے، جب پاکستان حملہ کرے گا تو دنیا دیکھے گی اور اس کی گونج بھی سنائی دے گی۔
یہ بھی پڑھیں: بھارتی ڈرونز کو وار ٹرافی کے طور پر لگانے کا اعلان، حملوں کا جواب آئے گا، عطاتارڑ
وزیر خارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ میڈیا کو بریفنگ میں ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ آدم پور سے 4 میزائل فائر ہوئے، ان میں سے ایک پروجیکٹائل انہوں نے خود امرتسر میں گرایا، باقی 2 بین الاقوامی سرحد عبور کرکے پاکستان میں داخل ہوئے، ان میں سے ایک کو ڈنگہ پر مار گرایا گیا، جس کا فرانزک کیا جارہا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ مشرقی سرحد ہماری گہری نظر ہے اور ہر متحرک شے کو مانیٹر کیا جارہا ہے اور اسے گرایا جارہا ہے جب کہ گزشتہ شب اس طرح کے 3 میزائل بھارت نے خود اپنی حدود میں امرتسر میں گرائے، بھارت کا یہ دعویٰ سفید جھوٹ ہے کہ پاکستان نے 15 مقامات پر حملہ کیا ہے، کوئی بھی میزائل جب چلایا جاتا ہے تو وہ اپنے ڈیجیٹل نشانات چھوڑتا ہے، اگر 15 مقامات پر حملہ کیا جاتا تو اس کے شواہد ضرور ہوتے۔
یہ بھی پڑھیں: پاک بھارت کشیدگی: پاکستان نے اب تک بھارت کے کتنے ڈرونز گرادیے؟
انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے 15 جگہوں پر پاکستان کے میزائل مار گرائے ہیں تو پھر وہ اپنے 5 طیاروں کو کیسے نہ بچاسکا، بھارتی حکومت ملکی سطح پر اپنے فائدے کے لیے ڈراما کررہی ہے جس سے اسے گریز کرنا چاہیے، بھارت جانتا ہے کہ جب پاکستان حملہ کرے گا تو پھر بھارتی میڈیا کو اس کے بارے میں بتانے کی ضرورت نہیں پڑے گی بلکہ دنیا خود ہی جان جائے گی، پاکستان جب حملہ کرے گا تو وہ نظر بھی آئے گا اور اس کی گونج بھی سنائے دے گی۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کو پتا ہے کہ بھارتی ڈرونز کو کب اور کیسے گرانا ہے، اب تک 29 بھارتی ڈرونز گرا چکے ہیں،ڈی جی آئی ایس پی آ رکا کہناتھا کہ جہاں امرتسر میں بھارت نے اپنے میزائل گرائے وہ دراصل سوکھی ہوئی فصلیں ہیں ، کم از کم حقیقت بنانے کے لیے ان فصلوں کو آگ ہی لگا دیتے ، جہاں یہ پروجیکٹائل اٹھا کر رکھ دیئے گئے اور تصویریں بنا کر نشر کی جارہی ہیں۔ اس لیے آپ سینما سے نکل کر حقیقی دنیا میں کب آئیں گے۔
’ڈرامہ کیا جارہاہے کہ 15 جگہ سے حملہ ہو رہاہے جس کا کوئی سگنیچر نہیں ہے اور آ پ نے روک لیا ، اگر آپ کا اتناہی شاندار ایئر ڈیفنس سسٹم ہے کہ تو 6 اور 7 کی رات آپ اپنے مرضی کے وقت اور جگہ پر آئے تھے ، آپ نے اپنا پورا ایئر ڈیفنس لگایا ہوا تھا ، آپ کو پتا تھا کہ حملہ کریں گے تو جواب آئے گا تو پھر آپ کے 5 جہاز کیسے گر گئے ؟۔ اگر آپ کا دفاعی نظام اتنا ہی شاندار ہے تو اپنے جہاز گرنے سے روک لیتے۔‘
پاکستان نے بھارتی پنجاب پر کوئی حملہ نہیں کیا، اسحاق ڈار
نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل شریف چوہدری کے ہمراہ پریس کانفرنس میں بتایا کہ پاکستان اپنے شہریوں کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے، بھارتی میڈیا نے جھوٹی خبریں چلائیں کہ پاکستان نے بھارت میں حملہ کیا ہے، پاکستان نے بھارتی پنجاب میں کوئی حملہ نہیں کیا ہے، پاکستان بھارتی پجاب میں کسی بھی سویلین پر حملے کو مسترد کرتا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بھارت نے پاکستان کے خلاف جارحیت کی ہے، بھارت پاکستان کی شہری آبادی کو نشانہ بنارہا ہے، بھارت نے پاکستان پر ڈرون حملے کیے اور اس کے مقصد بھی واضح ہیں، میزائل اور ڈرون حملوں کے بعد پاکستان جوابی کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے، پہلگام واقعے کے بعد بھارت نے جو بھی اقدام کیے پاکستان نے اس کا حساب برابر کیا۔
یہ بھی پڑھیں: ’بدلہ تو ابھی باقی ہے‘، بھارتی ڈرونز گرانے پر سوشل میڈیا پر پاک فوج کے حق میں پیغامات
وزیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج، نیوی اور ایئرفورس ہائی الرٹ پر ہیں، پاکستان ایئرفورس نے بھارت کے 5 فائٹر جیٹ گرائے، 2 یو اے ویز گرائے، آج جو بھارت نے کام کیے ہیں، اسلام آباد سے لے کر کراچی تک تقریبا 2 درجن جگہوں کے اوپر، وہ قابل مذمت اور افسوسناک ہے۔
’بھارت نے خفت مٹانے کے لیے فرضی کہانی بنائی‘
انہوں نے کہا کہ بھارت کے ساتھ جو کچھ 6 اور 7 مئی کی درمیانی شب کو جو کچھ ہوا، وہ اس کی خفت مٹانے کے لیے فرضی کہانی بنائی گئی کہ پاکستان نے بھارت کی فوجی تنصیبات پر حملے کیے ہیں اور اس کے نتیجے میں ہم آج جواب دے رہے ہیں، یہ کتنی شرمناک بات ہے، میں سمجھتا ہوں کہ پاکستانیوں کو گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، ہماری افواج مکمل طور پر الرٹ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان نے جدید جنگی طیارہ ’رافیل‘ مار گرایا، فرانسیسی اعلیٰ عہدیدار نے بھی تصدیق کردی
ان کا کہنا تھا کہ اک افواج دفاع کے لیے پرعزم ہیں اور جس طرح پاک فضائیہ نے 75 سے 80 بھارتی طیاروں کا مقابلہ کیا، وہ واضح مثال ہے کہ ہم ان کو بھرپور جواب دیں گے، 36 گھنٹے پہلے بہت بڑا مقابلہ کیا اور پاکستان کو اللہ نے سرخرو کیا، بھارت کے کسی بھی مس ایڈوینچر کا بھرپور جواب دیا جائے گا، ہماری مسلح افواج الرٹ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم پر حملہ کرکے پاکستانی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی جان خطرے میں ڈالی، پاکستان میں داخل ہونے والے بھارتی ڈرونز پاکستان نے مار گرائے ہیں،اگر اب بھی کسی قسم کا کوئی ایڈوینچر انڈیا کرے گا تو پاکستان بھرپور جواب دے گا۔