پاکستان کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حملے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔
یاد رہے کہ خبر رساں ادارے روئٹرز نے ایک عینی شاہد کے حوالے سے خبر دی تھی کہ جمعرات کو مقبوضہ کشمیر کے جموں شہر میں 2 بڑے دھماکوں اور سائرن کی آوازیں سنی گئیں جس کے ساتھ ہی پورے شہر میں بلیک آؤٹ ہو گیا۔
برطانوی خبر رساں ادارے کی خبر میں بتایا گیا تھا کہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے جموں میں شدید دھماکوں کی آوازیں سنائی دی ہیں۔ اکھنور، سامبا،کٹھوعہ اور دیگر علاقوں میں دھماکے ہوئے۔
بھارتی میڈیا بھی دعویٰ کررہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں پٹھان کوٹ، راجھستان اور پنجاب میں دھماکے ہورہے ہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان نے میزائل حملوں سے بارڈر سیکیورٹی فورسز، ایئرپورٹس اور آرمی کیمپس کو نشانہ بنایا ہے۔
تاہم پاکستان کے سیکورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں حملے سے متعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔ بھارتی میڈیا پر مقبوضہ کشمیر پر حملے کی خبریں فیک اور جھوٹ ہیں، ان فیک خبروں کو پھیلانے کا مقصد یہ ناکام اور جھوٹا تاثر پیدا کرنا ہے کہ پاکستان بھی بھارت پر حملہ کر رہا ہے۔ ان جھوٹی خبروں کو پھیلا کر بھارت پاکستان پر اپنی ننگی جارحیت جاری رکھنے کا مسلسل جھوٹا جواز پیدا کرنا چاہتا ہے۔
بھارت نے اس سے قبل امرتسر پر حملے کی جھوٹی خبر چلائی، امرتسر پر حملے کی جھوٹی خبر پھیلانے کا مقصد سکھ برادری کو پاکستان کے خلاف کرنا تھا۔