قلعہ سیف اللہ کے جنگلات میں آگ بھڑک اٹھی ہے، ریسکیو ٹیمیں آگ بجھانے کے لیے متحرک ہوگئی ہیں۔
بلوچستان کے ضلع قلعہ سیف اللہ کے زرغون غر کے پہاڑی سلسلے میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے جونیپر کے گھنے درختوں کو اپنی لپیٹ می لے لیا۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق آگ کافی رقبے تک پھیل چکی ہے تاہم تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے، آگ لگنے کی وجوہات بھی معلوم نہیں ہو سکیں۔
یہ بھی پڑھیں: قلعہ سیف اللہ: نایاب پرندے خطرے میں، شکار پر سخت کارروائی کا فیصلہ
لیویز، پی ڈی ایم اے اور مقامی افراد روایتی طریقوں اور فائر بالز کی مدد سے آگ پر قابو پانے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر قلعہ سیف اللہ کی درخواست پر ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے بلوچستان نے ریسکیو فورس کی 2 ٹیمیں تشکیل دے کر فوری طور پر متاثرہ علاقے کی جانب روانہ کر دی گئی ہیں۔
پی ڈی ایم اے کی جانب سے بھجوائی گئی ٹیموں میں 12 تربیت یافتہ ریسکیور اہلکار شامل ہیں، جو 100 فائر بالز، 5 فائر ایکسٹنگوشرز اور 2 ایمبولینسز کے ساتھ آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔ پی ڈی ایم اے صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور مکمل امدادی کارروائیوں کے لیے پرعزم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : قلعہ سیف اللہ میں ’پاکستان زندہ باد ریلی‘، لوگوں کی بڑی تعداد میں شرکت
متعلقہ ادارے اور مقامی افراد مل کر آگ پر قابو پانے کے لیے بھرپور کوششیں کر رہے ہیں اور امدادی سرگرمیاں تاحال جاری ہیں۔