سال 2025 کی تیسری قومی پولیو مہم کا باضابطہ آغاز

اتوار 25 مئی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان انسدادِ پولیو پروگرام نے آج سال 2025 کی تیسری قومی انسدادِ پولیو مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔

اس موقع پر وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو،  عائشہ رضا فاروق نے پولیو پروگرام کے کور گروپ کے ارکان اور بین الاقوامی شراکت داروں کے نمائندگان کے ہمراہ نیشنل ایمرجنسی آپریشن سینٹر (NEOC)، اسلام آباد میں منعقدہ افتتاحی تقریب کے دوران پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے اور وٹامن اے کی اضافی خوراک دے کر مہم کا افتتاح کیا۔

یہ مہم ملک سے پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے حکومتِ پاکستان کے پختہ عزم اور تسلسل سے جاری کوششوں کا عملی اظہار ہے۔

ہفتہ وار قومی انسدادِ پولیو مہم کا آغاز 26 مئی سے ہوگا، جس کے دوران 5 سال سے کم عمر کے 4 کروڑ 50 لاکھ سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیے:چاروں صوبوں کے 22 اضلاع سے حاصل کردہ سیوریج کے نمونوں میں پولیو وائرس کی تصدیق

یہ مہم پاکستان میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے اور 2025 کے اختتام تک اس مرض کے مکمل خاتمے کی جانب ایک اہم سنگِ میل ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم کی فوکل پرسن برائے انسدادِ پولیو، عائشہ رضا فاروق نے کہا پولیو کا خاتمہ صرف ایک صحت عامہ کا ہدف نہیں بلکہ ایک قومی ترجیح ہے، جو پاکستان کے لیے باعثِ فخر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سال 2025 کی یہ تیسری قومی انسدادِ پولیو مہم ہماری ‘2-4-6’ حکمتِ عملی کے ایک اہم حصہ ہے۔ ستمبر 2024 سے مئی 2025 کے دوران تسلسل سے جاری رہنے والی یہ مہمات ہماری سب سے مؤثر حکمتِ عملی ہیں تاکہ آئندہ پولیو وائرس کے پھیلاؤ کے لیے سازگار موسم سے قبل قوتِ مدافعت کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔

انہوں نے کراچی، جنوبی خیبرپختونخوا اور کوئٹہ بلاک جیسے اہم علاقوں میں وائرس کی مسلسل گردش سے درپیش چیلنجز کو اجاگر کیا اور ان دور دراز علاقوں تک رسائی میں حاصل ہونے والی نمایاں پیش رفت کو سراہا۔

عائشہ رضا فاروق نے 4 لاکھ سے زائد فرنٹ لائن ورکرز، بالخصوص 2 لاکھ 25 ہزار خواتین ویکسینیٹرز کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا، اور انسدادِ پولیو مہم میں سول و عسکری اداروں کے تعاون کو بھی سراہا۔

اگرچہ پولیو کے خاتمے کی جاری جنگ میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے، تاہم ملک کے بعض علاقوں میں پولیو وائرس اب بھی گردش کر رہا ہے۔ رواں سال پاکستان میں پولیو کے 10 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔ اس کے علاوہ، ملک بھر کے چاروں صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کے 127 مقامات سے حاصل کردہ 272 ماحولیاتی نمونوں میں پولیو وائرس پایا گیا ہے، جس سے اس سال متاثرہ اضلاع کی مجموعی تعداد 68 ہو گئی ہے۔

یونیسف پاکستان کے سبکدوش ہونے والے نمائندے، عبد اللہ فادل نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروگرام کی سمت پر اعتماد کا اظہار کیا۔

اپنی پاکستان میں خدمات کے اختتام پر، انہوں نے قومی قیادت اور محترمہ فاروق کی پولیو کے خاتمے کے لیے انتھک محنت اور کوششوں کو سراہا۔

انہوں نے کہا پاکستان تاریخ رقم کرنے کے قریب تر ہے۔ مستقل سیاسی عزم، کمیونٹی کی بھرپور شرکت، اور تمام شراکت داروں کی مربوط کوششوں کے ذریعے مجھے یقین ہے کہ یہ ملک عنقریب پولیو سے پاک مستقبل کی جانب گامزن ہوگا۔

عوام الناس سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں، اور اگر کوئی بچہ یا بچی پولیو کے قطرے پینے سے محروم رہ جائے تو فوری طور پر صحت تحفظ ہیلپ لائن 1166 پر کال کریں یا پولیو واٹس ایپ ہیلپ لائن 03467776546 پر پیغام بھیجیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp