پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے کے روز چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اپنے ایک ویڈیو پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ حکمران انتخابات سے ڈرے ہوئے ہیں اور یہ مافیا سپریم کورٹ کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوام ہفتے کے روز مغرب سے ایک گھنٹہ پہلے اپنے اپنے علاقوں میں گھروں سے باہر نکلیں اور چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں کیوں کہ اس وقت پاکستان ایک تاریخی موڑ پر کھڑا ہے۔
چئیرمین تحریک انصاف کا عوام کے نام اہم ویڈیو پیغام:
ہفتے کے دن مغرب سے ایک گھنٹہ پہلے اپنے اپنے گاؤں اور محلوں میں جمع ہو کر چیف جسٹس آف پاکستان اور سپریم کورٹ سے اظہار یکجہتی کا اظہار کریں pic.twitter.com/atVVkXBpld— PTI (@PTIofficial) May 3, 2023
عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان میں تاریخی مہنگائی ہو رہی ہے اور بے روزگاری عروج پر ہے مگر حکمران چیف جسٹس اور ججوں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ عوام اپنے آئین اور اپنے بچوں کے مستقبل کو بچانے کے لیے ہفتہ کے روز چیف جسٹس کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔
واضح رہے کہ پورے ملک میں ایک ہی روز انتخابات کے لیے حکمران اتحاد اور تحریک انصاف کسی ایک نکتے پر متفق نہیں ہو سکے جس کے بعد تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں رپورٹ جمع کراتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب میں 14 مئی کو ہی انتخابات کرائے جائیں۔
اس سے قبل عمران خان نے کہا تھا کہ اگر 14 مئی سے قبل اسمبلیاں توڑ کر انتخابات کی تاریخ نہ دی گئی تو میں قوم کو لے کر سڑکوں پر نکل آؤں گا۔