عثمان بزدار شامل تفتیش نہ ہوئے تو گرفتاری کیخلاف درخواست مسترد کردی جائے گی، لاہور ہائیکورٹ

جمعرات 4 مئی 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلٰی پنجاب عثمان بزدار کو اپنے خلاف درج مقدمات میں شاملِ تفتیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ آج شامل تفتیش نہ ہونے کی صورت میں گرفتاری سے روکنے کی درخواست مسترد کردی جائے گی۔

سابق وزیر اعلٰی پنجاب عثمان بزدار کی جانب اپنی ممکنہ گرفتاری کے خلاف درخواست پر سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس طارق سلیم شیخ نے کی۔

عثمان بزدار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ نگران حکومت سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کررہی ہے۔ اینٹی کرپشن حکام نے گرفتار کرنے کی کوشش کی ہے خدشہ ہے کہ پولیس کسی وقت بھی خفیہ مقدمے میں گرفتار کر سکتی ہے۔

سابق وزیر اعلٰی پنجاب کے وکیل کا کہنا تھا کہ عثمان بزدار متعلقہ عدالت سے ضمانت کے خواہاں اور شاملِ تفتیش ہونا چاہتےہیں۔ استدعا ہےکہ عدالت ڈی جی اینٹی کرپشن ڈیپارٹمنٹ کو درج نامعلوم مقدمات کا ریکارڈ فراہم کرنے کا حکم دے۔

ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل غلام سرور نہنگ کا موقف تھا کہ اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج ہونے کےباوجود گرفتاری کےلیے عدالتی حکم ضروری ہے۔عثمان بزدار آج تک تفتیش میں شامل نہیں ہوئے۔ تفتیش میں شامل ہونے کی بجائے تفتیشی عمل روکنے کی درخواست دائر کردی۔

اس موقع پر جسٹس طارق سلیم شیخ نے عثمان بزدار کودرج مقدمات میں آج ہی شامل تفتیش ہونے کی ہدایت کرتے ہوئے ریمارکس دیے کہ اگر عثمان بزدار آج شامل تفتیش نہ ہوئے تو گرفتاری سے روکنے کی درخواست مسترد کردی جائے گی۔

ان ریمارکس کے ساتھ عدالت نے کیس کی سماعت 5 مئی تک ملتوی کردی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp