جنوبی افریقہ کے بلے باز فاف ڈوپلیسی نے ٹی 20 کرکٹ میں قومی کرکٹر بابراعظم کا اہم ریکارڈ توڑ دیا۔
یہ بھی پڑھیں: مائیکل وان نے شاہین آفریدی کو بابر اعظم سے بہتر ٹی20 کھلاڑی قرار دے دیا
میجر لیگ کرکٹ میں فاف ڈو پلیسی نے ایم آئی نیو یارک کے خلاف ٹیکساس سپر کنگز کی جانب سے شاندار اننگز کھیلتے ہوئے ٹی 20 کرکٹ کی تاریخ میں مختلف ریکارڈز بنا لیے۔
ڈوپلیسی نے اہم میچ میں صرف 53 گیندوں پر 103 رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔
لیگ کے رواں سیزن میں ڈوپلیسی نے یہ دوسری سینچری بنائی ہے۔ اس سے پہلے انہوں نے سان فرانسسکو یونی کارنز کے خلاف سینچری داغی تھی۔
اس اننگز کے ساتھ ہی ڈوپلیسی 40 برس کی عمر کے بعد ٹی 20 کی تاریخ میں 2 سینچریاں بنانے والے پہلے بیٹر بن گئے۔ علاوہ ازیں وہ اس فارمیٹ میں سب سے زیادہ سینچریاں بنانے والے کپتان بھی بن گئے جنہوں نے اب تک مجموعی طور پر 8 سنچریاں اسکور کیں۔
مزید پڑھیے: بابر اعظم بگ بیش لیگ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل، سڈنی سکسرز نے کتنے میں خریدا؟
اس فہرست میں پاکستان کے بابراعظم دوسرے نمبر ہیں جنہوں نے کپتان کی حیثیت سے 7 سینچریاں اسکور کیں۔ فہرست میں اب تیسرے نمبر پر آسٹریلیا کے سابق بلے باز مائیکل کلنگر بھی ہیں جو بطور کپتان 7 سینچریاں بنا چکے ہیں جبکہ وراٹ کوہلی 4 سینچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہیں۔