میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کی حدود میں واقع مرکزی سڑکوں پر چارجڈ پارکنگ ختم کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ منگل یکم جولائی سے کے ایم سی کی تمام سڑکوں پر پارکنگ مکمل طور پر مفت ہو گی، اور صرف مخصوص چار دیواری والے مقامات پر پارکنگ فیس وصول کی جائے گی۔
میئر کراچی نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ یہ فیصلہ عوامی مفاد میں کیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو غیر ضروری مالی بوجھ سے نجات دلائی جا سکے۔
یہ بھی پڑھیں کے ایم سی کا 55 ارب روپے کا بجٹ برائے 26-2025 منظور، ترقیاتی منصوبوں کے لیے کتنی رقم مختص؟
انہوں نے کہاکہ اگرچہ کے ایم سی کو پارکنگ فیس کی مد میں سالانہ 4 سے 5 کروڑ روپے کی آمدن ہوتی تھی، لیکن اب ادارہ مالی طور پر مستحکم ہو چکا ہے اور خود کفیل ہو گیا ہے، اس لیے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
مرتضیٰ وہاب کے مطابق بلدیہ عظمیٰ کراچی کی حدود میں واقع 106 مرکزی سڑکوں پر قائم 46 پارکنگ سائٹس پر چارجڈ پارکنگ کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چارجڈ پارکنگ عملے، متعلقہ ڈپٹی کمشنرز اور ٹریفک پولیس کو ہدایت جاری کردی گئی ہے کہ وہ کے ایم سی کی کسی بھی مرکزی سڑک پر پارکنگ فیس نہ لیں۔
میئر نے یہ بھی وضاحت کی کہ چند مخصوص مقامات جیسے بارہ دری، ڈولمین سینٹر، سفاری پارک، کراچی چڑیا گھر اور دیگر چار دیواری میں موجود پارکنگ ایریاز پر پارکنگ فیس برقرار رہے گی۔
مرتضیٰ وہاب نے خبردار کیاکہ اگر کسی نے کے ایم سی کی حدود میں سڑک پر پارکنگ فیس وصول کی تو اس کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو سہولت دینا ہماری اولین ترجیح ہے، اور پارکنگ فیس ختم کر کے ہم عوام کو براہ راست ریلیف فراہم کر رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں وفاقی حکومت سے 100 ارب روپے کے حصول میں تعاون کریں، میئر کراچی کا گورنر سندھ کو خط
میئر نے مزید بتایا کہ کراچی کے 6 کنٹونمنٹ بورڈز کی حدود میں پارکنگ فیس کے حوالے سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں ہوا، کیونکہ یہ علاقے کے ایم سی کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔