اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز: پاکستان کی شاندار واپسی، انڈونیشیا کو 0-2 سے شکست

جمعرات 3 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ویمن فٹبال ٹیم نے اے ایف سی ویمنز ایشین کپ کوالیفائرز میں میزبان انڈونیشیا کو 0-2 سے شکست دے کر نہ صرف ایونٹ میں اپنی پہلی فتح حاصل کی بلکہ عالمی درجہ بندی میں نمایاں برتری رکھنے والی ٹیم کے خلاف یادگار کامیابی بھی سمیٹی۔

فیفا رینکنگ میں 95ویں نمبر پر موجود انڈونیشیا کی ٹیم کو 157 ویں نمبر کی پاکستان ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو گرین شرٹس کے لیے ایک بڑی فتح ہے۔ یہ جیت نہ صرف اعتماد بحال کرنے والی ہے بلکہ ایک ٹاپ 100 ٹیم کے خلاف میدان مارنے کا غیر معمولی لمحہ بھی ہے۔

خاص طور پر اس کامیابی کی اہمیت اس وقت اور بڑھ جاتی ہے جب گزشتہ میچ میں پاکستانی ٹیم کو چینی تائی پے کے ہاتھوں 0-8 سے شدید شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ یہ کامیابی ایک شاندار واپسی ہے۔

مزید پڑھیں: اے ایف سی فٹسال ایشین کپ 2026 کوالیفائرز میں پاکستان کی پہلی مرتبہ شرکت، مشکل گروپ میں شامل

انڈونیشیا میں جاری گروپ ’ڈی‘ کے میچ میں پاکستان نے آغاز سے ہی شاندار کھیل پیش کیا۔ قومی ٹیم کی جانب سے نادیہ خان نے 8ویں منٹ میں پہلا گول اسکور کیا، جبکہ سوہا ہیرانی نے 18ویں منٹ میں پینالٹی کک پر دوسرا گول داغ کر ٹیم کو 0-2 کی برتری دلائی، جو آخر تک برقرار رہی۔

پاکستانی خواتین ٹیم نے نہ صرف جارحانہ انداز میں میچ کھیلا بلکہ دفاع میں بھی مضبوطی کا مظاہرہ کیا، جس کے باعث انڈونیشیا کو بار بار ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ ستمبر 2023 کے بعد قومی خواتین ٹیم کی پہلی بین الاقوامی کامیابی ہے۔ اس سے قبل پاکستان نے لاؤس کی ٹیم کو پینالٹی پر شکست دی تھی۔ پاکستان کا اگلا اور آخری گروپ میچ 5 جولائی کو کرغزستان کے خلاف ہو گا، جس میں فتح کی صورت میں گرین شرٹس اگلے مرحلے تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp