محکمہ تحفظ جنگلی حیات گوجرانوالہ نے سٹی ہاؤسنگ گوجرانوالہ میں قائم ایک تھیم پارک پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 نایاب نسل کے چیتے (لیپرڈ) برآمد کر لیے ہیں، جو غیر قانونی طور پر رکھے گئے تھے۔
انچارج وائلڈ لائف گوجرانوالہ عاصم کامران کے مطابق، چیتے رکھنے کے لیے تھیم پارک انتظامیہ نے محکمہ وائلڈ لائف سے کوئی قانونی اجازت نامہ حاصل نہیں کیا تھا، جو وائلڈ لائف ایکٹ کی سنگین خلاف ورزی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ وائلڈ لائف ایکٹ کے تحت تھیم پارک انتظامیہ کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا گیا ہے، جبکہ برآمد شدہ چیتوں کو محکمہ وائلڈ لائف کی حفاظتی تحویل میں لے کر ان کی صحت کا مکمل معائنہ کیا جا رہا ہے۔
مزید پڑھیں:محکمہ وائلڈ لائف ٹیم کا لاہور میں چھاپہ، بغیر لائسنس گھر میں رکھا گیا شیر برآمد، ملزم گرفتار
عاصم کامران نے واضح کیا کہ جنگلی جانوروں کو غیر قانونی طور پر رکھنا ایک قابلِ سزا جرم ہے اور اس عمل سے نہ صرف جنگلی حیات بلکہ انسانی زندگی کو بھی خطرات لاحق ہوتے ہیں۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی جگہ جنگلی جانوروں کو غیر قانونی طور پر رکھنے یا تجارت کی اطلاع ہو تو فوراً محکمہ وائلڈ لائف کو مطلع کریں، تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے اور قدرتی حیات کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔













