وزیراعظم محمد شہباز شریف نے دیہی آبادی کی ترقی کے عالمی دن کے موقع پر قوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان کی دو تہائی آبادی دیہات میں رہتی ہے، اور یہی طبقہ ملک کی زراعت، ثقافت اور معیشت کا حقیقی ستون ہے۔ انہوں نے دیہی علاقوں کی فلاح و بہبود کو قومی ترقی کا مرکزی جزو قرار دیتے ہوئے اپنے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ دیہاتوں میں بسنے والے افراد آج بھی باہمی تعاون، رواداری اور محنت جیسی صدیوں پرانی روایات کے امین ہیں، اور انہی کھیتوں، باغات اور بستیوں میں پاکستان کی روح پروان چڑھ رہی ہے۔
مزید پڑھیں: مریم نواز کا بڑا اعلان، پنجاب کے 59 شہروں میں ترقیاتی منصوبے شروع
انہوں نے کہا کہ حکومت پائیدار ترقی کے اہداف کے تحت زراعت، تعلیم، صحت، انفراسٹرکچر، خواتین کو بااختیار بنانے، ہنر کی تربیت، اور ماحولیاتی پائیداری میں سرمایہ کاری کر رہی ہے۔ دیہی سڑکوں کے نیٹ ورک کی توسیع، پانی و صفائی کی سہولیات کی فراہمی، اور موسمیاتی اسمارٹ فارمنگ جیسے اقدامات قابل ذکر پیش رفت کا مظہر ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ آج کے دن ہم اس عزم کی تجدید کرتے ہیں کہ دیہی پاکستان کو مضبوط، مساوی اور خوشحال بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی ترقی صرف ایک منصوبہ نہیں بلکہ پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہے۔














