بھارت کے ٹیسٹ کرکٹ کپتان شبمن گل کے ایک عمل نے بھارتی کرکٹ بورڈ یعنی بی سی سی آئی کو بڑی مشکل میں ڈال دیا ہے، جو ممکنہ طور پر ایڈیڈاس کے ساتھ ان کے کروڑوں روپے کے معاہدے کو خطرے میں ڈال سکتا ہے۔
ایجبسٹن میں کھیلے گئے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں جب بھارتی ٹیم 427 رنز 6 کھلاڑی آؤٹ پر تھی اور اسے 607 رنز کی سبقت حاصل تھی، تو شبمن گل نے اننگز ڈکلیئر کر دی۔ اسی دوران شائقین نے یہ نوٹ کیا کہ وہ ایڈیڈاس کی بجائے نائیکی کی ٹی شرٹ پہنے ہوئے تھے، حالانکہ ایڈیڈاس بھارتی ٹیم کا آفیشل کِٹ اسپانسر ہے اور یہ معاہدہ 2028 تک جاری ہے۔
معاہدے کے مطابق، کھلاڑیوں کے لیے سرکاری میچز کے دوران ایڈیڈاس کی کٹ پہننا لازمی ہے، بھارتی کپتان شبمن گل کا نائیکی شرٹ پہننا اس معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: شبمن گل کی وہ غلطی جو بھارتی کرکٹ بورڈ کو 250 کروڑ روپے کے نقصان سے دوچار کرسکتی ہے؟
بھارتی میڈیا کے مطابق اس خلاف ورزی کے نتیجے میں ایڈیڈاس یا تو مالی جرمانہ عائد کر سکتا ہے یا پھر معاہدہ ختم کرنے کا بھی جواز حاصل ہو سکتا ہے۔ اگر ایسا ہوا تو بی سی سی آئی کو تقریباً 250 کروڑ بھارتی روپے کا نقصان ہو سکتا ہے۔
کچھ مبصرین کا خیال ہے کہ یہ ممکنہ طور پر ایک غیر ارادی غلطی ہو سکتی ہے، شاید شبمن گل نے ڈریسنگ روم سے جلدی میں نکلتے ہوئے شرٹ پر دھیان نہیں دیا، تاہم بعض سمجھتے ہیں کہ شبمن گل نائیکی کے برانڈ ایمبیسیڈر بھی ہیں، اس لیے ہو سکتا ہے کہ وہ عمومی طور پر نائیکی کی شرٹ پہنتے ہوں۔
اگرچہ ایڈیڈاس فوری طور پر معاہدہ ختم کرنے کا ارادہ نہیں رکھتا، لیکن امکان ہے کہ بی سی سی آئی شبمن گل سے وضاحت طلب کرے گا یا انہیں وارننگ دے گا۔
مزید پڑھیں: شبمن گل سے علیحدگی کے بعد سارہ ٹنڈولکر کس بالی ووڈ اداکار کو ڈیٹ کر رہی ہیں؟
سوشل میڈیا پر شائقین اس واقعے پر بھرپور بحث کر رہے ہیں، جبکہ بی سی سی آئی معاملے کو فی الحال اندرونی طور پر ہی حل کرنا چاہتا ہے، یہ واقعہ اس بات کی یاد دہانی ہے کہ کھلاڑیوں کو اسپانسر شپ کے اصولوں کا مکمل خیال رکھنا چاہیے۔
واضح رہے کہ ایجبسٹن ٹیسٹ میں بھارت نے انگلینڈ کو 336 رنز سے شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کر دی تھی، اس میچ میں شبمن گل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے پہلی اننگز میں 269 اور دوسری اننگز میں 161 رنز بنائے، جس سے ان کا مجموعی اسکور 430 ہو گیا، جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کے بڑے انفرادی مجموعوں میں شمار ہوتا ہے۔
مزید پڑھیے: آنے والے دنوں میں شبمن گل کی کرکٹ پر حکمرانی ہوگی میری بات لکھ لیں، برائن لارا
بھارت نے پہلی اننگز میں 587 اور دوسری میں 427 رنز بنا کر اننگز ڈیکلیئر کی، بھارتی بولرز نے بھی عمدہ کارکردگی دکھائی، آکاش دیپ نے 10 اور محمد سراج نے 7 وکٹیں حاصل کیں، جس کے نتیجے میں بھارت نے ایک زبردست کامیابی حاصل کی۔













