وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پمز آتشزدگی کے واقعے میں اپنی جان کی پروا کیے بغیر ایک بچے کو بچانے والی نرس رضیہ نورین کے لیے ستارہ خدمت اور ایک کروڑ روپے کے انعام کی منظوری دے دی۔
وزیراعظم نے نرس رضیہ نورین کی جانب سے کمال ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آگ کے باوجود تباہی سے کچھ لمحوں پہلے بھاگ کر ایک بچے کو بچانے کے عمل پر خراج تحسین پیش کیا۔
مزید پڑھیں: پمز سانحہ، ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افسران معطل، وزیراعظم کا ذمہ داروں کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ نرس رضیہ نورین نے کمال ذمہ داری اور بہادری کا بہترین ثبوت دیا۔
انہوں نے کہاکہ اپنی جان خطرے میں ڈال کر بچے کی جان بچانے پر مجھ سمیت پوری قوم کو نرس رضیہ نورین پر فخر ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ ایسے فرض شناس لوگوں کی جس قدر ستائش کی جائے کم ہے۔
یاد رہے کہ 26 اگست کو اسلام آباد کے پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (پمز) کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے المناک واقعے میں 14 نومولود بچے جاں بحق ہوگئے تھے، جبکہ ایک بچے کو زندہ بچایا گیا تھا۔ واقعے کے بعد وزیراعظم شہباز شریف نے فوری تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے غفلت کے ذمہ دار افراد کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم کی ہدایت پر پمز آتشزدگی واقعے کی تحقیقات کے لیے اعلیٰ سطحی انکوائری کمیٹی بھی قائم کی گئی تھی، جس نے واقعے کی وجوہات، ذمہ داروں کے تعین، اسپتال کے حفاظتی انتظامات اور ریسکیو کارروائی سمیت مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا۔
مزید پڑھیں: ہمارا نظامِ صحت سڑ چکا، سانحہ پمز کی انکوائری رپورٹ سے تمام حقائق سامنے آجائیں گے، وزیر صحت مصطفیٰ کمال
اب وزیراعظم شہباز شریف نے ایگزیکٹو ڈائریکٹر سمیت 8 افسران کو معطل کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف فوجداری کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔














