اے آئی شیف برج خلیفہ کے ریستوران میں روایتی باورچیوں کی جگہ سنبھالے گا

جمعہ 11 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دبئی میں جلد ہی ایک انوکھا ریستوران کھلنے جا رہا ہے جہاں کھانوں کی تیاری میں انسانی شیفس کی جگہ ایک مصنوعی ذہانت سے تیار شیف خدمات انجام دے گا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ’ووہو‘ نامی یہ ریستوران رواں برس ستمبر میں برج خلیفہ میں کھولا جائے گا، جو دنیا کی بلند ترین عمارت ہے۔ ریستوران کے ابتدائی مرحلے میں اگرچہ کھانے انسان تیار کریں گے، مگر پورے نظام کی نگرانی ایک اے آئی شیف ’ایمن‘ کے سپرد ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: پلک جھپکتے ہی روبک کیوب حل کرنیوالے روبوٹ نے عالمی ریکارڈ بنا دیا

’ووہو‘ کے بانیوں کے مطابق ’ایمن‘ ایک جدید اے آئی ماڈل ہے جسے فوڈ سائنس میں کئی دہائیوں کی تحقیق، مالیکیولر کمپوزیشن کے ڈیٹا اور دنیا بھر کی ہزاروں ترکیبوں پر تربیت دی گئی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ یہ اے آئی شیف نہ کھانوں کو چکھ سکتا ہے اور نہ ہی سونگھ سکتا ہے، مگر وہ کھانے کے اجزا، ساخت اور تیزابیت کا تجزیہ کر کے منفرد ذائقے اور امتزاج تخلیق کر سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی روبوٹ کی تیار کردہ پینٹنگ 10لاکھ ڈالرز میں فروخت

بانیوں نے بتایا کہ ’ایمن‘ کو خاص طور پر ایسی ترکیبیں بنانے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جو کچن میں اکثر ضائع ہونے والے اجزا کو دوبارہ قابل استعمال بناتی ہیں، جس سے نہ صرف فضلہ کم ہوگا بلکہ کھانوں میں جدت بھی آئے گی۔

ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ مستقبل میں ’ایمن‘ کو دنیا بھر کے ریستورانوں کو لائسنس کے طور پر فراہم کیا جاسکتا ہے، تاکہ پائیداری کو فروغ دیا جائے اور خوراک کے ضیاع پر قابو پایا جا سکے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp