90 روزہ تحریک: عمران خان قیادت کریں گے، آر یا پار کا عزم،علی امین گنڈاپور کی لاہور میں پریس کانفرنس

اتوار 13 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان تحریک انصاف نے 90 روزہ عوامی تحریک کے آغاز کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تحریک ملک کے ہر کونے میں پہنچے گی، اور چاہے حکومت میں رہیں یا نہ رہیں، وہ ہر حال میں آر یا پار کریں گے۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا کہ اس مہم کی قیادت عمران خان خود کریں گے، اور کارکنان ان کے ہر حکم کے پابند ہوں گے۔

یہ بھی پڑھیں:90 روز میں عمران خان کو رہا کرو ورنہ پھر تم نہیں یا ہم نہیں، علی امین گنڈاپور کا حکومت کو الٹی میٹم

لاہور میں پریس کانفرنس کے دوران وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ عمران خان نے قوم کو شعور دیا اور پاکستان کی آزادی و خودمختاری کی بات کی، لیکن افسوس ہے کہ ان کے خلاف ابھی تک کوئی کیس نہیں چل رہا، کیونکہ ان پر دراصل کوئی کیس موجود ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاستی ادارے اپنے اصل کام، یعنی سرحدوں کی حفاظت کو چھوڑ کر تحریک انصاف کے خلاف سرگرم ہو چکے ہیں۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ یہ رویہ ملک کو خطرناک سمت میں دھکیل رہا ہے اور ادارے سیاست میں مداخلت کے باعث اپنی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ ایک منظم مافیا ملک میں حکومتیں بناتا اور گراتا ہے، اور ریاستی ادارے اسی کھیل میں مصروف ہیں۔ ’میں خود ایک فوجی کا بیٹا اور بھائی ہوں، لیکن موجودہ حالات نے اداروں کو بدنامی کی راہ پر ڈال دیا ہے‘، انہوں نے افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ عمران خان نے ظلم سہنے کے باوجود پاکستان کی بہتری کے لیے مذاکرات پر آمادگی ظاہر کی ہے، لیکن شرط رکھی ہے کہ بات صرف ان سے ہوگی جو واقعی اختیارات رکھتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:فضل الرحمان کے پی میں حکومت تبدیلی کے بجائے اپنے اندر تبدیلی لے کر آئیں، علی امین گنڈاپور

ان کا مزید کہنا تھا کہ اگر ریاستی ادارے مان لیں کہ ان سے غلطی ہوئی ہے تو آئیں، دلیل سے بات کریں۔ اگر ہم غلط ہوں گے تو سزا کے لیے تیار ہیں، لیکن پھر سب کو قانون کے مطابق جوابدہ ہونا پڑے گا، کیونکہ قانون سب کے لیے برابر ہونا چاہیے۔

پریس کانفرنس کے اختتام پر علی امین گنڈا پور نے ایک بار پھر واضح کیا کہ عمران خان کی ہدایت پر 90 روزہ تحریک کا آغاز کر دیا گیا ہے، جو گلی گلی، کوچہ کوچہ اور شہر شہر تک جائے گی۔ انہوں نے دوٹوک انداز میں کہا کہ تحریک انصاف اس تحریک میں آر یا پار کرے گی، اور اس بات سے فرق نہیں پڑتا کہ حکومت میں رہتے ہیں یا نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp