اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ جو عناصر ملک کو تباہی کی جانب لے گئے، آج وہ خود مکافاتِ عمل کا سامنا کررہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: میری حکومت نہ گرائی جاتی تو پاکستان آج ایشین ٹائیگر ہوتا، ہم اب یہ کرکے دکھائیں گے، نواز شریف
لاہور کے علاقے لکھو ڈیر میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ 2017 میں نواز شریف کی حکومت کو ایک منظم سازش کے تحت ہٹایا گیا، اور یہی اقدام ملکی ترقی کے سفر کو روکنے کا سبب بنا۔
اُن کا کہنا تھا کہ 2017 سے 2023 کے درمیان پاکستان کو آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے کی جانب دھکیلا گیا، اور وہ اعلیٰ عدلیہ کے سربراہ جو خود کو ناقابلِ احتساب سمجھتے تھے، آج کوئی اُن کا تذکرہ تک نہیں کرتا۔
ایاز صادق کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف قومی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے شب و روز محنت کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 2018 میں بیگم کلثوم نواز کے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی، اور ہماری قیادت کو مذاق کا نشانہ بنایا گیا، لیکن آج وہی عناصر مکافات عمل کا شکار ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے گئے وعدے پورے نہ کرکے معیشت کو سنگین نقصان پہنچایا، جب کہ ن لیگ کی قیادت نے سخت فیصلے لے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ ایاز صادق کے مطابق موجودہ انتخابات کے بعد پاکستان دوبارہ ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: نواز شریف اور شہباز شریف حکومت نہیں بنانا چاہتے تھے، سینیئر لیگی رہنما کا انکشاف
اپنے بیان میں انہوں نے بھارتی جارحیت پر بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے اور جنگ چھیڑنے کی کوشش کی، جس کا پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کی حمایت سے بھرپور جواب دیا۔