پیرا فورس ظالموں کے لیے دہشت کی علامت ہوگی، مریم نواز

پیر 14 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (پیرا) کے اہلکار میری آنکھیں اور کان ہیں، جو ظالموں کے لیے دہشت کی علامت ہوں گے۔ ریاست کی ہر اُس آنکھ کا نام پیرا ہے جو ہر قانون شکن پر نظر رکھتی ہے، یہ فورس ظالموں کے لیے دہشت کی علامت ہوگی۔

لاہور میں پنجاب انفورسمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چند ماہ پہلے پیرا صرف ایک آئیڈیا تھا اور آج ایک فورس بن گئی ہے، قلیل مدت میں یہ خواب حقیقت بن گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مریم نواز کی اپنے بیٹے جنید صفدر کا چالان کرنے والی پولیس ٹیم کو شاباش

انہوں نے کہا کہ پیرا اہلکاروں کی جو خصوصی ٹریننگ ہوئی ہے، اس سے بڑی خوشی ہوئی ہے۔ جب میں وزیراعلیٰ بنی تو اُس وقت مصنوعی مہنگائی کو روکنے کے لیے کوئی باقاعدہ فورس موجود نہیں تھی۔ ’جب کسی چیف منسٹر کو خیال آتا ہے کہ مہنگائی کنٹرول ہونی چاہیے تو ڈپٹی کمشنر اور کمشنرز کو کہتے ہیں، تو وہ سب اپنا کام چھوڑ کر مہنگائی کنٹرول کے پیچھے بھاگ پڑتے ہیں۔ پھر مہنگائی سے توجہ ہٹتی ہے تو ڈی سی اور کمشنر کسی اور کام کے پیچھے بھاگ پڑتے ہیں، جس سے ان کا اصل کام پیچھے رہ جاتا ہے۔‘

مریم نواز نے کہا کہ مجھے پتا چلا کہ جو پرائس کنٹرول ڈیپارٹمنٹ ہے، وہ آؤٹ سورس ہو چکا ہوا ہے۔ پرائس کنٹرول مجسٹریٹس نے آگے کرائے پر لوگ رکھے ہوئے ہیں، جنہوں نے پرائس کنٹرول کیا کرنا تھا، وہ دکانداروں سے جا کر بھتہ لیتے تھے اور اس کو انہوں نے اپنی آمدنی کا ایک ذریعہ بنا رکھا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی پنجاب کی خواتین کو مفت گائے اور بھینس ملے گی، مریم نواز کا تاریخی اقدام

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ میں نے بڑی مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ پرائس کنٹرول کے لیے ایک مخصوص فورس ہونی چاہیے جو پرائس کنٹرول کرے۔ ہم نے ناجائز تجاوزات کو ہٹانے کے لیے پورے صوبے میں آپریشنز کیے ہیں، جس کے بعد مجھے پیغامات آتے ہیں کہ ہماری سڑکیں کھل گئی ہیں، سڑکیں صاف ہوگئی ہیں، بازار کھل گئے ہیں۔

’خواتین کی جانب سے حوصلہ افزا پیغامات آتے ہیں کہ تجاوزات کی وجہ سے بازار اتنے تنگ ہو گئے تھے کہ خواتین کو ہراسمنٹ کا سامنا کرنا پڑتا تھا۔ چھوٹے راستوں کی وجہ سے ان کو ہراساں کیا جاتا تھا۔ نہ صرف خواتین کے لیے آسانی ہوئی ہے بلکہ تاجروں سے بھی اچھا رسپانس آ رہا ہے کہ ان کی سیلز بڑھ گئی ہیں۔‘

انہوں نے کہا کہ پیرا اگلے ہفتے سے لاہور ڈویژن میں کام شروع کر دے گی۔ اس کے لیے میں ڈی جی پیرا کیپٹن (ر) فرخ عتیق کو شاباش دینا چاہوں گی کہ انہوں نے اس کام کو بہت پیشہ ورانہ طریقے سے انجام دیا۔ میں دل کی گہرائیوں سے اپنی ٹیم کا بھی شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جس نے نہ صرف اس کام میں میری سپورٹ کی بلکہ اس کے نفاذ میں بھی میری مدد کی۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آسان کاروبار کارڈ کا اجرا کردیا

وزیراعلیٰ پنجاب نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان کو بھی شاباش دی اور ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سپورٹ اور دلچسپی کے بغیر یہ کام اتنی قلیل مدت میں اتنے اچھے طریقے سے نہیں ہو سکتا تھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ نوجوانوں کی صلاحیتوں پر بہت اعتماد رکھتی ہیں۔ ان کے پاس جب انٹرویو کے لیے لوگ آتے ہیں تو میں ہمیشہ نوجوانوں کو ترجیح دیتی ہوں۔ پیرا میں شامل نوجوان صرف ایک فورس نہیں ہوگی بلکہ یہ ایک تحریک اور انقلاب ہوگی۔ پیرا میں تقریباً 8 ہزار 500 اہلکار ہوں گے جو پورے صوبے میں کام کریں گے۔

مریم نواز نے کہا کہ پیرا کے اہلکاروں کا کام یہ ہے کہ وہ ظالم کے سامنے آہنی دیوار بنیں۔ مظلوم کی امید بننا اور مظلوموں کی مدد کے لیے پہنچنا پیرا کا کام ہے۔ پیرا مظلوموں کے لیے امید اور ظالموں کے لیے دہشت کی علامت ہوگی۔ پیرا اہلکار میری آنکھیں اور کان ہیں۔ ریاست کی ہر اُس آنکھ کا نام پیرا ہے جو ہر قانون شکن پر نظر رکھتی ہے۔ یہ فورس ہر ناجائز قبضے، ذخیرہ اندوزی، ناجائز تجاوزات اور منافع خوروں پر نظر رکھے گی۔ پیرا فورس کی وجہ سے اب قانون ہر جگہ نافذ ہوتا نظر آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں: وزیراعلیٰ مریم نواز کا بارش کے دوران لاہور کے مختلف علاقوں کا دورہ

ان کا کہنا تھا کہ میرے بیٹے کا جب چالان ہوا تو جنید نے چالان کرنے والے اہلکار سے کہا: مجھے روکا، ڈیوٹی نبھائی، آپ کو شاباش دیتا ہوں، آپ میرا چالان کریں۔ اس کے بعد میں نے ڈی آئی جی آپریشنز کو فون کرکے کہا کہ میری شاہزیب سے فون پر بات کروائیں، میں نے اس سے بات کی اور اسے کہا کہ مجھے آپ پر فخر ہے۔ چاہے وزیراعلیٰ ہو یا اس کا بیٹا یا کوئی وزیر یا مشیر، کوئی قانون سے بالاتر نہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp