قتل یا طبعی موت؟ حمیرا اصغر کی موت کی گتھیاں سلجھنے لگیں

جمعہ 18 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ڈیفنس کے فلیٹ میں ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کے معاملے میں مزید پیشرفت، حمیرا اصغر کی لاش سے لیے گئے نمونوں کی کیمیکل ایگزامین رپورٹس آگئی ہیں۔ ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق ایم ایل او کی جانب سے موت کی وجہ باضابطہ طور پر بتائی جائے گی، کیمیائی تجزیے کے دوران زہر دیے جانے کے شواہد نہیں پائے گئے۔ حمیرا اصغر کی لاش سے 9 سیمپلز جامعہ کراچی کی فارنزک لیب بھیجے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: قتل پوری پلاننگ سے کیا گیا، آخری بار فلیٹ میں کیا دیکھا، حمیرا اصغر کے بھائی کے انکشافات

کچھ تفتیشی ذرائع یہ دعویٰ کر رہے ہیں کہ حمیرا اصغر کے بینک اکاؤنٹ میں 3 لاکھ 98 ہزار سے زیادہ رقم موجود ہے جس سے وہ ضرورت کے مطابق بذریعہ اے ٹی ایم کبھی 25 یا 50 ہزار روپے نکالتی تھیں۔

تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ حمیرا شدید مالی بحران اور کام نہ ملنے سے پریشان تھیں۔ فون ریکارڈ سے اس بات کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔ دوسری جانب ان کے موبائل فون کے ذریعے بھیجے گئے پیغامات کی بات کی جائے تو اس میں کام لینے کے حوالے سے بات چیت کی گئی ہے۔

حمیرا اصغر کے بھائی نوید اصغر نے ایک انٹرویو دیتے ہوئے واقعے پر شدید شکوک و شبہات کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اُن کی بہن کی موت حادثاتی نہیں بلکہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کی گئی واردات ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کی پراسرار موت، تفتیش کا دائرہ وسیع

انہوں نے مزید بتایا کہ پولیس افسران نے مجھے بتایا ہے کہ جب فلیٹ کا دروازہ توڑا گیا تو پچھلا دروازہ پہلے سے کھلا ہوا تھا جبکہ چھت کی کھڑکی بھی مسلسل کھلی رہی، جس کی وجہ سے بدبو نہیں پھیلی۔ یہ سب ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل لگتا ہے اور ہمیں 90 فیصد یقین ہے کہ یہ قتل ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ ایک منصوبہ بندی کے تحت کیا گیا قتل لگتا ہے اور ہمیں 90 فیصد یقین ہے کہ یہ قتل ہے، لیکن ذرائع یہ دعویٰ کررہے ہیں کہ حمیرا کے رابطہ کرنے پر کسی نے جواب نہ دیا۔ اداکارہ نے بھائی سمیت 10 افراد سے رابطے کی کوشش کی۔

حمیرا اصغر کیس کے اس وقت دو پہلو ہیں، ایک تحقیقاتی پہلو، جو وقت کے ساتھ ساتھ آشکار ہو رہا ہے، دوسرا حمیرا کے اہلخانہ ہیں جو اس وقت مختلف دعوے کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔ لیکن اصل چیز وہ شواہد ہیں جو اداکارہ کی موت کی گتھی سلجھانے میں کام آسکتے ہیں۔ اگر اہلخانہ کے پاس کوئی ٹھوس شواہد نہیں تو ان کے بیانات کی قانونی کوئی حیثیت نہ ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں: اداکارہ حمیرا اصغر کی موت، والدین نے قتل کا شبہ ظاہر کر دیا، بیٹی سے لاتعلقی کی خبروں کی تردید

اس کیس کی تحقیقات کراچی میں تیزی سے جاری ہیں اور لاش ملنے کے بعد سے آج کے دن تک روز کوئی نئی بات سامنے آتی ہے، لیکن اب تک ایسا کوئی مواد سامنے نہیں آیا جس سے یہ ثابت ہوسکے کہ یہ قتل تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp