بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں ڈسٹرکٹ کونسل کی مخصوص نشستوں پر پولنگ کے لیے انتخابی شیڈول جاری کر دیا گیا ہے جس کے مطابق 22 جون کو پولنگ ہو گی۔
بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ کے علاوہ 35 اضلاع میں ڈسٹرکٹ کونسل کی مخصوص نشستوں پر پولنگ کے لیے انتخابی شیڈول جاری کیا گیا ہے۔
صوبائی الیکشن کمیشن کے مطابق امیدواروں کو کاغذات نامزدگی 23 مئی کو جاری کیے جائیں گے۔
الیکشن میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدوار 24 مئی سے 27 مئی تک اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔
صوبائی الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 29 مئی کو امیدواروں کی حتمی فہرست آویزاں ہو گی جبکہ 30 مئی سے یکم جون تک کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔
امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کے قبول یا مسترد ہونے کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 2 جون سے 5 جون تک دائر کی جا سکیں گی۔
الیکشن کمیشن کے مطابق 7 جون کو امیدواروں کی حتمی فہرستیں آویزاں کی جائیں گی جبکہ کاغذات واپس لینے کی تاریخ 8 جون مقرر کی گئی ہے جس کے بعد 9 جون کو امیدواروں کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے اور 22 جون کو پولنگ ہو گی۔