دوسرے ٹی20 میچ میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو 8 رنز سے شکست دیکر سیریز جیت لی

منگل 22 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بنگلہ دیشن نے پاکستان کو 8 رنز سے شکست دے کر 3 ٹی 20 میچز کی سیریز اپنے نام کرلی ہے۔

شیر بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکہ میں کھیلے گئے دوسرے ٹی 20 میچ میں وکٹ کیپر بیٹر جاکر علی کی جرأت مندانہ نصف سنچری اور باؤلرز کی تباہ کن کارکردگی کی بدولت بنگلہ دیش نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد شکست دے کر تین میچز کی سیریز میں فیصلہ کن برتری حاصل کر لی۔

یہ بھی پڑھیں: سیریز بچانے کا آخری موقع، پاکستان دوسرے ٹی20 میں آج بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا

یہ پاکستان کے خلاف ٹی 20 فارمیٹ میں بنگلہ دیش کی پہلی سیریز فتح ہے، پاکستان کو 134 رنز کا ہدف ملا، مگر پوری ٹیم آخری اوور کی دوسری گیند پر 126 رنز پر ڈھیر ہو گئی.

گرین شرٹس کی اننگز کا آغاز بدترین تھا، جب اوپنر صائم ایوب صرف ایک رن بنا کر پہلے ہی اوور میں رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد مڈل آرڈر بھی لڑکھڑا گیا اور صرف 15 رنز پر پانچ وکٹیں گر گئیں۔

اس موقع پر کپتان سلمان علی آغا (9) اور خوشدل شاہ نے چھٹی وکٹ کے لیے 15 رنز کی محتاط شراکت قائم کی، جو دسویں اوور میں ختم ہوئی۔ خوشدل نے پھر فہیم اشرف کے ساتھ 17 رنز کی پارٹنرشپ کی، مگر وہ 18 گیندوں پر 13 رنز بنا کر مہدی حسن کا شکار بن گئے۔

پاکستان 11.5 اوورز میں 47/7 پر پہنچ چکا تھا، جب فہیم اشرف اور عباس آفریدی نے 41 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔ اس دوران پاکستان ایک بار پھر میچ میں واپس آیا اور آخری 24 گیندوں پر 46 رنز درکار تھے۔

یہ بھی پڑھیں: بنگلہ دیش کیخلاف پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے کونسے 2 منفی ریکارڈ حاصل کیے؟

مگر شریف الاسلام نے اپنے آخری اوور کی پہلی گیند پر عباس آفریدی  کو آؤٹ کر کے خطرناک پارٹنرشپ توڑ دی۔

فہیم اشرف نے بعد ازاں دانیال احمد کے ساتھ 33 رنز کی شراکت قائم کی، اور وہ 51 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر رشاد حسین کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔

آخری اوور میں دانیال احمد نے پہلی گیند پر چوکا لگا کر پاکستان کو فتح کی امید دلائی، مگر اگلی گیند پر مستفیض الرحمان کی سلو گیند پر کیچ دے بیٹھے۔ انہوں نے 11 گیندوں پر 17 رنز بنائے، جن میں تین چوکے شامل تھے۔

بنگلہ دیش کی جانب سے شوریف الاسلام نے 17 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مہدی حسن اور تنزیم حسن ساکب نے دو دو، اور ریشاد حسین و مستفیض الرحمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل، پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، جو شروع میں کارگر ثابت ہوا۔ فہیم اشرف نے دوسرے اوور میں محمد نعیم کو صرف تین رنز پر آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پہلا ٹی20: بنگلہ دیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

کپتان لٹن داس (8) اور پرویز حسین ایمون کے درمیان 20 رنز کی شراکت قائم ہوئی، مگر بنگلہ دیش 5.5 اوورز میں 28/4 پر پہنچ گیا۔

اس کے بعد مہدی حسن اور جاکر علی نے 53 رنز کی شراکت سے ٹیم کو سہارا دیا۔ مہدی حسن نے 25 گیندوں پر 33 رنز بنائے، جن میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

جاکر علی نے آخر تک ڈٹے رہتے ہوئے 48 گیندوں پر 55 رنز بنائے، جس میں ایک چوکا اور پانچ شاندار چھکے شامل تھے۔

پاکستان کی جانب سے دانیال احمد، عباس آفریدی اور سلمان مرزا نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد نواز اور فہیم اشرف نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp