ایئر انڈیا کی ہانگ کانگ سے دہلی آنے والی پرواز دہلی کے اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد ایک حادثے کا شکار ہوگئی، تاہم مسافروں کو بحفظات نکال لیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق لینڈنگ کے فوراً بعد طیارے میں آگ بھڑک اٹھی، تاہم اس حادثے میں تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہا۔
یہ بھی پڑھیں: ایئر انڈیا حادثے میں نیا موڑ: طیارے کے تباہی کی ایک اور وجہ سامنے آگئی
ایئر انڈیا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ طیارہ لینڈنگ کے بعد جب گیٹ پر کھڑا تھا، تو ’اے پی یو‘ میں آگ لگ گئی، تاہم یہ خودکار نظام کے تحت فوراً بند ہوگیا، جس سے آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ آگ لگنے کے وقت مسافروں کے اترنے کا عمل جاری تھا، اور تمام افراد کو بحفاظت طیارے سے باہر نکال لیا گیا۔ طیارے کو معمولی نقصان پہنچا ہے، جس کے بعد اسے تحقیقات کے لیے گراؤنڈ کر دیا گیا ہے۔ سول ایوی ایشن کے ریگولیٹر کو بھی اس واقعے سے آگاہ کر دیا گیا ہے۔
دہلی انٹرنیشنل ایئرپورٹ لمیٹڈ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ طیارے میں لگی آگ پر قابو پا لیا گیا ہے اور تحقیقات کا عمل جاری ہے۔
ایئر انڈیا ان دنوں مسلسل تکنیکی مسائل کی زد میں ہے۔ پیر کو بھی کمپنی کی 2 پروازیں حادثاتی خبروں میں رہیں۔ ایک کولکتہ جانے والی پرواز کو دہلی ایئرپورٹ پر ٹیک آف سے قبل تکنیکی خرابی کے باعث روک دیا گیا، جبکہ دوسری پرواز کوچی سے ممبئی آتے ہوئے خراب موسم کے باعث رن وے سے پھسل گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ایئر انڈیا طیارہ حادثہ، پائلٹس کی آخری گفتگو منظر عام پر، فیول کٹ آف پر سوالات اٹھ گئے
ممبئی ایئرپورٹ پر اس واقعے کے بعد ایک رن وے پر پروازوں کو عارضی طور پر معطل کرنا پڑا۔