بالی وڈ اداکارہ سوناکشی سنہا نے کہا ہے کہ ویب سیریز دھاڑ میں انہیں انجلی بھاٹی کا کردار بہت طاقت ور لگا۔
ریما کاگتی اور روچیکا ابرائےکی ہدایت کاری میں بننے والی ویب سیریز دھاڑ کے حوالے سے سوناکشی سنہا نے انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ کاغذ پر انجلی بھاٹی کا کردار بہت ہی طاقت ور لگا۔
انہوں نے کہا کہ زندگی کے اس موڑ پر جہاں میں اس وقت ہوں ایک اداکارہ کے طور پر اس کردار کو نبھانا میرے لیے بہت ہی پر جوش تھا۔
35سالہ اداکارہ نے کہا کہ وہ ایک بے چین اداکارہ سے ایسےشخص میں تبدیل ہوئی ہیں جو اسکرین پر مضبوط خواتین کو پیش کرنا چاہتی ہے۔
2010میں سلمان خان کی فلم دبنگ سے اپنے کیریئر کا آغاز کرنے والی اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے اپنے ابتدائی چند سالوں میں بہت کام کیا ،10سالوں میں انہوں نے 30فلمیں کیں۔ پاگلوں کی طرح کام کیا۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ایک وقت ایسا آیا جب انہوں نے سولو فلمیں کرنا شروع کر دیں۔
اداکارہ نے انٹرویو دیتے ہوئے بتایا کہ وہ زیادہ ایسے کردار ادا کرنا چاہتی ہیں جو خواتین کے لیے ہوں اور جس میں خواتین کو مضبوط دکھایا گیا ہو۔
انہوں نے کہا کہ میرا انتخاب بدل گیا ہے اور یہ وہ چیز تھی جس کا انہوں نے واقعی لطف اٹھایا۔
خواتین کی قیادت کرنے والی فلموں اکیرا، خاندانی شفا خانہ اور ڈبل ایکس ایل میں کام کرنے والی اداکارہ سوناکشی سنہا نے کہا کہ اب بہت سارے لوگ ایسی فلمیں بنا رہے ہیں جن میں خواتین ہی مرکزی کردار ہیں اور یہ ایک خوش آئند تبدیلی ہے۔
اداکارہ نے کہا کہ کافی عرصے سے معاملہ اس کے برعکس رہاہے۔ ناظرین اب اسکرین پر مرد اداکار کو ہیرو دیکھنے کے عادی ہیں۔ ہم آہستہ آہستہ اس میں اپنا راستہ بنا رہے ہیں۔
ڈرامہ سیریز دھاڑ میں سوناکشی سنہا کے علاوہ وجے ورما، سوہم شان، گلشن دیوایا، یوگی سنگھا، سنگھمیترا ہیتیشی، رتنا بلی بھٹا چرجی اور دیگر اداکار شامل ہیں۔
ڈرامہ سیریز دھاڑ 8 حصوں پر مشتمل ہے جس میں پبلک ٹوائلٹس میں خواتین کے مردہ حالت میں ملنے کا سلسلہ شروع ہو جاتا ہے تو سب انسپکٹر انجلی بھاٹی کو تحقیقات کی قیادت سونپی جاتی ہے۔
انجلی بھاٹی کو احساس ہونے لگتا ہے کہ بظاہر نظر آنے والی خودکشیاں کسی سیریل کلر کا کام ہو سکتا ہے۔
ویب سیریز دھاڑ 12 مئی کو او ٹی ٹی پلیٹ فارم سے ریلیز کی جائے گی۔