غزہ میں بھوک کو جنگی ہتھیار بنانے پر دنیا بھر میں اسرائیل کے خلاف جہاں دنیا بھر میں مظاہرے کیے جا رہے ہیں وہیں بھوک کے دل دہلا دینے والے مناظر دیکھ کر مصری شہریوں نے ’سمندر سے سمندر‘ کی ایک مہم شروع کی جس کے تحت غزہ کے لوگوں تک امداد پہنچائی جا سکے۔
اس مہم کے تحت مصر کے شہری پلاسٹک کی بوتلوں میں چاول، دالیں اور گندم وغیرہ بھر کر اس امید سے بحیرہ روم میں ڈال رہے ہیں کہ یہ بوتلیں غزہ کے ساحل تک پہنچ جائیں۔
اب غزہ سے ایک جذباتی منظر سامنے آیا جب ایک فلسطینی شہری نے ایک پلاسٹک کی بوتل میں دالیں پا کر اظہارِ تشکر کیا۔ فلسطینی شخص نے وہ لمحہ ریکارڈ کیا جب اُسے سمندر میں بہتی ایک بوتل ملی جس میں تھوڑی سی دال تھی اور اس نے سمندر میں یہ بوتل پھینکنے والے مصری شخص کا شکریہ ادا کیا۔
بعد أن رُميت في البحر بأمل الوصول إلى #غزة.. فلسطيني يوثق فرحته بالعثور على قنينة فيها كمية بسيطة من العدس ويشكر مَن أرسلها مِن #مصر كحلّ بديل لكسر الحصار عن القطاع.#تفاعل ليصل إليك كل جديد pic.twitter.com/a58IhVHTxs
— TRT عربي (@TRTArabi) July 27, 2025
یہ بوتل ایک مصری شخص نے 23 جولائی کو سمندر میں اس نیت سے پھینکی تھی کہ محصور فلسطینیوں تک امداد پہنچائی جا سکے۔ ان بوتلوں میں اناج اور آٹا شامل تھا، جو اسرائیلی محاصرے کے شکار لوگوں سے اظہارِ یکجہتی کی علامت تھیں۔
مصر کے شہریوں کے اس منفرد اقدام کو سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے سراہا گیا۔ اگرچہ یہ عمل علامتی نوعیت کا تھا، لیکن ان بوتلوں کا غزہ کے ساحلوں تک پہنچنا امید کی ایک نئی لہر لے آیا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرتی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دیگر افراد کو بھی ایسی بوتلیں ملی ہیں، جن میں چاول یا آٹا موجود تھا۔
مصر سے غزہ بھیجی جانے والی خشک راشن سے بھری بوتلیں، جو سمندر کے راستے روانہ کی گئی تھیں، بالآخر غزہ کے ساحل تک پہنچنے لگیں۔ pic.twitter.com/cmOsZ4WCt5
— Haroon ul Rasheed (@Haroonn_natamam) July 28, 2025
ویڈیوز دیکھ کر صارفین حیرت کا اظہار کر رہے ہیں ان کا کہنا ہے کہ بے شک وہ اللہ ہی ہے جو نا ممکن کو ممکن بنا دیتا ہے۔ ایک صارف کا کہنا تھا کہ نیک نیت کے ساتھ کیا گیا عمل اپنے مقصد تک پہنچ گیا، یہ نیکی کی ایک عظیم مثال ہے۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ نیت خالص ہو تو اللہ راستے بنا دیتا ہے۔
نیت خالص ہو تو اللہ راستے بنا دیتا ہے…
مصری نوجوان نے جو دال بھری بوتلیں سمندر میں ڈالی تھی
غزہ کا ماہی گیر وہی بوتلیں لے آیا…
اللہ نے اخلاص ضائع نہ جانے دیا 💔 pic.twitter.com/wa5n8RgbDA— احسنی صاحب (@a_sab_jui) July 27, 2025
یاد رہے کہ اسرائیلی فوج کے کڑے پہرے کے باعث غزہ میں کئی ماہ سے امداد ٹرک داخل نہیں ہوسکے جس کی وجہ سے غزہ میں قحط کی صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔
اقوام متحدہ کی منظور شدہ دنیا کی سب سے بڑی غذائی نگرانی کرنے والی تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ غزہ میں قحط اب حقیقت کا روپ دھار چکا ہے اور اگر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر کام کرنے والے اداروں کو فوری اور بغیر کسی رکاوٹ کے رسائی نہ دی گئی، تو اس تباہی کو روکا نہیں جا سکے گا۔