پاکستان اور امریکا کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدہ طے پا گیا، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا اظہارِ اطمینان

جمعرات 31 جولائی 2025
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدہ کامیابی سے طے پا گیا ہے، جس کے تحت دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تجارت کو فروغ دینے، منڈیوں تک بہتر رسائی، سرمایہ کاری کو راغب کرنے اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔

معاہدے کے اعلان پر ردعمل دیتے ہوئے نائب وزیرِاعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر امریکی صدر کی پوسٹ کو شیئر کرتے ہوئے اپنے مختصر پیغام میں کہا کہ الحمد للہ پاکستان نے امریکا کے ساتھ معاہدہ مکمل کرلیا۔

یہ پیشرفت واشنگٹن ڈی سی میں پاکستان کے وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی امریکی وزیر تجارت ہاورڈ لوٹنک اور امریکی تجارتی نمائندے جیمیسن گریر سے ملاقات کے دوران سامنے آئی۔ ملاقات میں پاکستانی سیکریٹری کامرس جواد پال اور امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ بھی موجود تھے۔

مزید پڑھیں: یورپی یونین 30 فیصد امریکی ٹیرف سے بچ گیا، امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدہ طے

معاہدے کا باضابطہ اعلان امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی سوشل میڈیا ایپ ’ٹرتھ سوشل‘ پر ایک پوسٹ کے ذریعے کیا۔ معاہدے کے تحت خاص طور پر امریکی منڈیوں میں پاکستانی مصنوعات پر عائد ٹیرف میں کمی کی جائے گی، جس سے پاکستانی برآمدات کو خاطرخواہ فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ توانائی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی، کرپٹو کرنسی اور دیگر ابھرتے ہوئے شعبوں میں اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا۔

وزارتِ خزانہ کے مطابق یہ تجارتی معاہدہ پاکستان کے تجارتی روابط کو امریکی ریاستوں تک وسعت دینے اور منڈیوں تک بہتر رسائی کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا، جس سے نجی شعبے کے لیے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

مزید پڑھیں: ٹرمپ کا امریکا اور پاکستان کی تجارتی ڈیل کا اعلان، تیل کے ذخائر پر بھی تعاون ہوگا

معاہدے کے نتیجے میں پاکستان کے بنیادی ڈھانچے اور ترقیاتی منصوبوں میں امریکی سرمایہ کاری میں نمایاں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، جو ملک کی اقتصادی ترقی میں ممد و معاون ہوگا۔

واضح رہے کہ یہ معاہدہ پاکستان اور امریکہ کی قیادت کے اس عزم کی نشاندہی کرتا ہے کہ دونوں ممالک تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی اقتصادی تعلقات کو نئی جہتوں سے ہمکنار کرنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp